0
Monday 5 Jun 2017 15:52

اسپنی روڈ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ بزدلانہ عمل ہے، نواب ثناء اللہ زہری

اسپنی روڈ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ بزدلانہ عمل ہے، نواب ثناء اللہ زہری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اسپنی روڈ پر ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں ایک خاتون اور ایک مرد کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔  وزیراعلٰی نے پولیس کو ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ اسپنی روڈ سمیت شہر بھر میں سکیورٹی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ رمضان کے مبارک مہینہ میں بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں دنیا اور آخرت میں اپنے اس قبیح فعل کی سزا بھگتنا ہوگی۔ وزیراعلٰی نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالٰی مرحومین کی مغفرت فرمائے اور سوگواروں کو صبر جمیل عطا کرے۔

دریں اثناء گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے اتوار کے روز اسپنی روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت اور وحشت پر مبنی ذہنیت کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جس کے لئے ہم سب کو اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 643404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش