0
Friday 22 Sep 2017 18:10

سندھ حکومت کا عزاداری میں رکاوٹیں ڈالنا انتہاپسند دہشتگرد عناصر کی سہولت کاری کے مترادف ہے، میثم عابدی

سندھ حکومت کا عزاداری میں رکاوٹیں ڈالنا انتہاپسند دہشتگرد عناصر کی سہولت کاری کے مترادف ہے، میثم عابدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید میثم رضا عابدی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے آغاز ہو چکا، لیکن سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ بلدیاتی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، بارہا متوجہ کرنے کے باوجود کراچی بھر میں جلوس عزا کی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں و مساجد کے اطراف کچرے، گندگی کے ڈھیر، سیوریج کے پانی کی موجودگی، ٹوٹی ہوئی سڑکیں، گڑھوں کی بھرمار جیسے مسائل تاحال حل نہیں کئے جا سکے، کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں کھلے عام جاری ہیں، جسے روکنے کے بجائے صوبائی حکومت عزاداری و عزاداروں کیخلاف پرمٹ، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سمیت مختلف حیلے بہانوں سے سازشیں کر رہی ہے، دہشتگرد عناصر کو لگام ڈالنے کے بجائے محب وطن شیعہ علمائے کرام کو مجالس پڑھنے سے روکا جا رہا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے عزاداری کے انعقاد میں رکاوٹ پیدا کرنا دراصل کالعدم تنظیموں اور دہشتگرد عناصر کی سہولت کاری کے مترادف ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور، علامہ اظہر نقوی، علامہ سجاد شبیر رضوی، علامہ احسان دانش، میر تقی ظفر و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

میثم عابدی نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل بلدیاتی مسائل حل نہ کرنا سندھ حکومت و شہری انتظامیہ کی نااہلی و مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جنہوں نے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی تمام تر توجہ ایک دوسرے کے کاندھوں پر ذمہ داریاں ڈالنے پر رکھی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز کے باوجود بلدیاتی مسائل کے حل میں ناکامی نے سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ کی ناقص ترین کاکردگی کا پول کھول دیا ہے، جس پر پردہ ڈالنے کیلئے صوبائی حکومت نے عزاداری کے انعقاد میں رکاوٹیں پیدا کرنے کیلئے سازشیں شروع کر دی ہیں، تاکہ محب وطن پرامن ملت تشیع کو الجھا کر اپنی ناقص کارکردگی پر پردہ ڈالا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عزاداری کے انعقاد میں رکاوٹیں پیدا کرنے سے باز رہے، پرامن ملت تشیع حکومت کیجانب سے عزاداری میں بے جا مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کرے گی، عزاداری میں رکاوٹیں ڈال کر سندھ حکومت کالعدم تنظیموں اور دہشتگرد عناصر کی سہولت کار بننے سے گریز کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عزاداری میں رکاوٹ ڈالنے کے بجائے کراچی سمیت سندھ بھر کی حساس صورتحال کے باوجود کھلے عام فعال کالعدم دہشتگرد تنظیموں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف مؤثر حکمت عملی کے تحت فوری کارروائی کرے، تاکہ شہر قائد سمیت صوبے بھر میں محرم الحرام میں قائم پُرامن فضاء کو سبوتاژ ہونے سے بچایا جا سکے، اسکے ساتھ ساتھ شیعہ علماءکرام پر پابندی عائد کرنے کے بجائے انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کرے۔
خبر کا کوڈ : 671052
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش