0
Wednesday 11 May 2011 20:34

ہم امریکہ کو دنیا کا منصف اور امن کا علمبردار نہیں مانتے، ملک و قوم کو ایک اینٹی امریکہ لیڈر کی ضرورت ہے، ہیومن رائٹس موومنٹ

ہم امریکہ کو دنیا کا منصف اور امن کا علمبردار نہیں مانتے، ملک و قوم کو ایک اینٹی امریکہ لیڈر کی ضرورت ہے، ہیومن رائٹس موومنٹ
  لاہور:اسلام ٹائمز۔ ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدر محمد ناصر اقبال خان، سیکرٹری جنرل محمد رضا ایڈووکیٹ، سینئر نائب صدور میاں ذوالفقار راٹھور، مہر محمد سلیم، میاں ارشد علی، فنانس سیکرٹری عشرت حسین شیرازی، صدر پنجاب چودھری خالد عزیز، نائب صدر پنجاب محمد یاسر اقبال خان، صدر لاہور ایوب چودھری اور سینئر نائب صدر مہران اجمل خان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک وقوم کو ایک اینٹی امریکہ لیڈر کی ضرورت ہے۔ عوام اپنا ملک بچانے اور ڈرون حملے بند کرانے کیلئے ''میڈ اِن پاکستان'' سیاستدانوں کے ہاتھ مضبوط کریں۔ ڈرون حملوں کے نتیجہ میں زیادہ تر بیگناہ لوگ مارے جا رہے ہیں، انسانی حقوق کے حوالے سے مغرب کا دوہرا معیار شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ جانوروں کے حقوق کا علمبردار مغرب کیوں امریکہ کے ہاتھوں بیگناہ پاکستانیوں کی ہلاکت پر خاموش ہے۔ کیا مسلم اور غیر مسلم کے بنیادی انسانی حقوق ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ محمد ناصر اقبال خان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت کوئی مسلم حکمران یا لیڈر ایسا نہیں جو اسلامی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد، منظم اور اس کی قیادت کر سکے۔ ہم امریکہ کو دنیا کا منصف اور امن کا علمبردار نہیں مانتے، افغانستان، پاکستان، فلسطین، مقبوضہ کشمیر اور عراق سمیت دنیا بھر میں ہونیوالے کشت و خون کے پیچھے امریکہ، انڈیا اور اسرائیل کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک مذموم سازش کے تحت امریکہ،یورپ اور انڈیا کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے اور یہ ملک معیشت کی طاقت سے مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کے درپے ہیں۔ اسلامی ملکوں کے پاس وسائل کی کمی نہیں صرف مخلص، نڈر، باضمیر، باکردار اور دوراندیش قیادت کا فقدان ہے۔
محمد رضا ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ ایبٹ آباد میں امریکہ کی بدترین جارحیت پر دوست ملک چین کے سوا کسی اسلامی ملک نے صدائے احتجاج بلند نہیں کی۔ کرپشن کی کاری ضرب سے نیم مردہ جمہوریت نے ایٹمی پاکستان کو دنیا میں تنہا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کی شہریت رکھنے والے ہمارے حکمران اور سیاستدان زندگی بھر پاکستان اور پاکستانیوں کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتے، عوام انہیں انتخابات میں مسترد کر دیں۔
خبر کا کوڈ : 71264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش