0
Sunday 15 May 2011 16:12

کور کمانڈر کا دورہ جگملائی،پاک فوج کی قربانیوں سے جنوبی وزیرستان کو دہشتگردوں سے پاک کر دیا ہے، آصف یاسین ملک

کور کمانڈر کا دورہ جگملائی،پاک فوج کی قربانیوں سے جنوبی وزیرستان کو دہشتگردوں سے پاک کر دیا ہے، آصف یاسین ملک
پشاور:اسلام ٹائمز۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل آصف یاسین ملک نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ چگملائی کا دورہ کیا، جسے پاک فوج نے نہایت قلیل عرصے میں از سر نو تعمیر کرکے ایک ماڈل گاوں بنا دیا ہے۔ کور کمانڈر نے چگملائی مارکیٹ، گورنمنٹ ہائی سکول اور پولٹری فارم کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچنے اور مقامی قبائل کے حوالے کرنے سے پہلے انکا معائنہ کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے بعد وہ ایک خصوصی تقریب میں پہنچے، جہاں پر آپ نے سول و فوجی افسران اور قبائلی عمائدین کی موجودگی میں پاک فوج کی تعمیر کردہ دوکانوں کی چابیاں مقامی محسود قبائل کے حوالے کیں۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں سے جنوبی وزیرستان کو دہشتگردوں سے پاک کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ متاثرین جنوبی وزیرستان کی واپسی کے حوالے سے پہلے دو مرحلے کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں اور ان علاقوں میں جہاں متاثرین واپس گئے ہیں، وہاں پر مقامی لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر کی جا رہی ہیں۔ 
انہوں نے پاک فوج کی شب و روز محنت کو سراہا، جن کی بدولت چگملائی گاوں جنوبی وزیرستان کا ایک ماڈل گاوں بن گیا ہے، اور کہا کہ پاک فوج نے جس طرح صحت اور تعلیمی اداروں کو از سر نو تعمیر کیا ہے، یہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چگملائی میں ایجوکیشنل کمپلیکس اور سپورٹس سٹیڈیم کے قیام سے جہاں تعلیمی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اس کے ساتھ ساتھ بحالی امن کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ 
کور کمانڈر نے مزید کہا کہ اس علاقے میں پٹرول پمپ اور پوسٹ آفس کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، جس سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ کھیلوں کے فروغ کیلئے ہم انٹر ایجنسی کرکٹ میچز کا انعقاد کروائیں گے۔ مزید یہ کہ ان کے علاقے میں آرمی سلیکشن سنٹر کی ٹیمیں آ کر نوجوانوں کو فورسز میں بھرتی کریں گی۔ اور یہ کہ علاقے میں گرڈ اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے، تاکہ لوڈشیڈنگ پر قابو پا کر وولٹیج کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔ اسکے علاوہ ٹیکنیکل کالج جو کافی عرصہ سے بند پڑا ہے اسکو بہت جلد فعال کر دیا جائے گا۔ آ خر میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج چگملائی کی طرز پر دوسرے علاقوں میں بھی ترقیاتی اور بنیادی سہولتیں فراہم کرے گی۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمارے لیے علاقہ میں بنیادی سہولتیں مہیا کر دی ہیں۔ ہم پاک فوج کے بےحد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ فوج چگملائی کی طرز پر دیگر علاقوں میں بھی ہنگامی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح پاک فوج بحالی نو کے کاموں میں دلچسپی لے رہی ہے اس سے علاقے میں ترقی، خوشحالی اور معاشی انقلاب آئے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ علاقے کی ترقی اور امن کے لیے پاک فوج اور پولیٹکل انتظامیہ سے تعاون جاری رکھیں گے۔
واضح رہے، جب کور کمانڈر پشاور سے چگملائی پہنچے تو آپریشنل کمانڈر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے علاوہ دوسرے سول اور فوجی افسران نے ان کا استقبال کیا۔
خبر کا کوڈ : 72072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش