0
Tuesday 24 May 2011 23:17

دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی، وزیراعظم کا مہران بیس پر اعلان

دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی، وزیراعظم کا مہران بیس پر اعلان
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پی این ایس مہران پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے کل ہونیوالے اجلاس میں اس واقعے کاجائزہ لے کر وضاحت کی جائیگی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نعمان بشیر نے پی این ایس مہران میں وزیراعظم کا استقبال کیا۔ نیول چیف نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو دہشت گردوں کے حملے اور فورسز کی کاروائی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس سے قبل شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کیلئے دعائے صحت کی گئی۔ 
اس موقع پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے افسر، جوانوں، کمانڈوز، میرینز اور دیگر فورسز نے جواں مردی سے دہشت گردوں کامقابلہ کیا۔ انہوں نے لیفٹیننٹ یاسر عباس اور دیگر جوانوں کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں اس واقعے کا جائزہ لے کر اس کی وضاحت کی جائیگی۔ بعد میں وزیراعظم نیوی کے اسپتال پی این ایس شفا گئے اور دہشت گردوں کیخلاف کاروائی میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ بعد میں وزیراعظم گورنر ہاوٴس پہنچے اور گورنر و وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اہمیت کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا۔  
خبر کا کوڈ : 74286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش