0
Sunday 7 Oct 2018 20:10

کشمیریوں نے اپنی مرضی سے قبرستان آباد نہیں کئے، سید علی گیلانی

کشمیریوں نے اپنی مرضی سے قبرستان آباد نہیں کئے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی گورنر ستہ پال ملک کی طرف سے دئیے گئے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بالکل صحیح کہا ہے کہ دہلی کی طرف سے غلطیاں سرزد ہونے کی وجہ سے کشمیری بھارت کو قابض قوت سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کی حقیقت یہی ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور بھارت کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، جس کی گواہی اقوامِ متحدہ کی قراردادیں دے رہی ہیں۔ انہوں نے گورنر کو تاریخ کا باریک بینی سے مطالعہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عصبیت اور انا کی عینک اُتار کر زمینی حقائق کو دیکھنے کی مخلصانہ کوشش کی جائے تو تمام مسائل کا حل خود بخود نکل آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی طرف سے 1947ء سے ہی فاش غلطیاں سرزد ہوئی ہیں۔

سید علی گیلانی نے اس دوران کہا کہ ہم اپنے بنیادی حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف اور صرف بھارتی حکمرانوں کو ان کے نیتاؤں کے ان وعدوں کی یاد دلاتے ہیں جو انہوں نے اقوامِ عالم کے سامنے ہم سے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت سے وابستہ چند سو جوانوں کو زیر کرنے کے لئے دس لاکھ سے زائد فوج پچھلے تیس سال سے نبرد آزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس جب بھی مسائل سلجھانے کے لئے کوئی مثبت پیش کش ہوئی تو بھارتی حکمرانوں نے طاقت کے نشے میں اس کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر ’’اٹوٹ انگ کا راگ‘‘ الاپنا شروع کردیا اور اس بے سُرے راگ میں محکوم اور مجبور کشمیری عوام کی آہ و پکار گم ہوکر رہ جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 754324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش