0
Monday 17 Dec 2018 13:24

وزیر قانون پنجاب کی سرکاری اسپتال کے ایم ایس کو بات نہ ماننے پر تبادلے کی دھمکی

وزیر قانون پنجاب کی سرکاری اسپتال کے ایم ایس کو بات نہ ماننے پر تبادلے کی دھمکی
اسلام ٹائمز۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی ایک آڈیو ٹیپ وائرل ہوئی ہے جس میں وہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ عباسی کا تبادلہ نہ کرنے پر بےنظیر اسپتال راولپنڈی کے ایم ایس کو تبادلے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ ڈی پی او پاک پتن اور آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کے بعد تحریک انصاف کے ایک اور صوبائی وزیر کی جانب سے بات نہ ماننے پر بےنظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے ایم ایس کو تبادلے کی دھمکی دینے کی وڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں یہ سنا جا سکتا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی صاحبزادی ڈاکٹر اریبہ عباسی کا دوسرے وارڈ میں تبادلہ کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں، ایم ایس کی جانب سے بات نہ ماننے کے بعد راجہ بشارت نے دھمکی دی کہ اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو ان کا بھی تبادلہ کردیا جائے گا۔

دوسری جانب حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ نے ایم ایس بینظیر اسپتال راولپنڈی طارق نیازی کے رویہ سے تنگ آکر سیکرٹری ہیلتھ کو اپنا استعفٰی بھجوا دیا، ڈاکٹر اریبہ نے خط میں لکھا ہے کہ ایم ایس اسپتال طارق نیازی نے عہدہ سنبھالتے ہی انہیں تنگ کرنا شروع کر دیا اور کہا کہ حنیف عباسی نے میرے ساتھ بہت برا سلوک کیا ہوا ہے میں اس کو نہیں رہنے دوں گا۔ ڈاکٹر اریبہ عباسی نے استعفٰی میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے جب اس معاملے کا نوٹس لیا تو ایم ایس نے ایک نہ سنی، جس پر وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہم سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کرتے، تم بچوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناؤ گے تو تم بھی نہیں رہو گے، بعد ازاں ایم ایس نے وزیر قانون کی ریکارڈنگ کو ایڈیٹ کر کے وائرل کردی۔ حنیف عباسی کی بیٹی نے کہا کہ سابقہ دور میں والد کے ساتھ ایم ایس طارق نیازی کی تعیناتی کے معاملے پر رنجش ہوئی تھی، ڈاکٹر طارق نیازی نے تنگ کرنا شروع کر دیا تھا لہٰذا ایسے گھٹن زدہ ماحول میں کام نہیں کرسکتی۔
خبر کا کوڈ : 767134
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش