0
Sunday 3 Feb 2019 09:15

مسئلہ کشمیر اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہا ہے، سردار عتیق

مسئلہ کشمیر اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہا ہے، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں۔ وہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لئے برطانیہ آمد کے موقع پر اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر سردار عتیق احمد خان کا مسلم کانفرنس کے کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ حالات بتا رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہا ہے، نریندر مودی انتخابات میں اپنی ناکامیوں کا ماتم کرانے جا رہے ہیں۔ پاکستان نے طالبان کو امریکہ کے ساتھ بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ افغانستان میں امن کا راستہ کشمیر سے ہوکر گزرتا ہے، اگر پاکستان طالبان کو امریکہ کے ساتھ بٹھا سکتا ہے تو امریکہ اپنا کردار ادا کر کے بھارت کو کشمیریوں اور پاکستان کے ساتھ کیوں نہیں بٹھا سکتا۔

مسلم کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر واضح اور دوٹوک موقف اختیار کریں، موجودہ حالات میں پانچ فروری بہت اہم ہے۔ دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری متحرک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک جنوبی ایشیاء میں گیم چینجر ہے، اس سے نہ صرف کشمیر پر بلکہ جنوبی ایشیاء پر توجہ بڑھ گئی ہے۔ کرتارپور راہداری پاکستان کا ایک بڑا قدم ہے۔ سارا خطہ سی پیک کی وجہ سے بدل رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 775826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش