0
Wednesday 8 May 2019 23:12

پی پی پی کے حادثاتی چیئرمین کو پڑھی لکھی میڈیا ٹیم کی ضرورت ہے، ترجمان وزیراعظم

پی پی پی کے حادثاتی چیئرمین کو پڑھی لکھی میڈیا ٹیم کی ضرورت ہے، ترجمان وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ ترجمان وزیراعظم افتخار درانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے حادثاتی چیئرمین کی یادداشت کمزور ہے انہیں پڑھی لکھی میڈیا ٹیم کی اشد ضرورت ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آج بیان دیا تھا کہ حکومت کی نااہلی کا بوجھ عام آدمی پر پڑ رہا ہے، وزیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کو ہٹایا جاتا ہے، پوچھتے ہیں کہ یہ فیصلے کون کر رہا ہے، کیا یہ فیصلے آئی ایم ایف کر رہا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان وزیراعظم آفس افتخار درانی نے ماضی کے گورنر اسٹیٹ بینک کی فہرست جاری کر دی اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے حادثاتی چیئرمین کی یادداشت کمزور ہے اور انہیں پڑھی لکھی میڈیا ٹیم کی اشد ضرورت ہے، ایسی ٹیم جو انہیں ملکی مسائل کے حوالے سے درست آگاہی فراہم کرے۔ افتخار درانی نے بتایا کہ اعلٰی تعلیم یافتہ پاکستانی پہلے بھی بیرون ملک خدمات انجام دیتے رہے ہیں،  ایسے پاکستانیوں کو پہلے بھی گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر قومی اداروں میں لگایا جاتا رہا، جس طرح  آئی ایم ایف سے آنے والے محمد یعقوب 6 سال تک گورنر اسٹیٹ بینک رہے، اور  اس وقت مرکز میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی۔ افتخار درانی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق 1999 میں ورلڈ بینک سے آنے والے عشرت حسین کو گورنر اسٹیٹ بینک بنایا گیا اور وہ بھی اس عہدے پر 6 برس تک رہے۔ 2006 میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی شمشاد اختر کو گورنر اسٹیٹ بینک بنایا گیا، 2009 میں انٹرنیشنل کمرشل بینکر سلیم رضا کو بھی اسی عہدے پر تعینات کیا گیا، یاسین انور اور اشرف وتھرا کو بھی گورنر اسٹیٹ بینک کا عہدہ دیا گیا، اور یہ دونوں حضرات بھی پاکستان سے باہر عالمی بینکوں میں ملازمت کر رہے تھے۔
خبر کا کوڈ : 793082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش