0
Tuesday 28 May 2019 18:20

عمران خان خود کسی کا مہرہ ہے وہ کیسے این آر او دے سکتا ہے، مریم نواز

عمران خان خود کسی کا مہرہ ہے وہ کیسے این آر او دے سکتا ہے، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان تم چور دروازے سے حکومت میں آئے اور کسی کے اشاروں پر ناچنے والے مہرے ہو۔ لاہور میں یوم تکبیر کے حوالے سے (ن) لیگ کی طرف سے منعقدہ تقریب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں نریندر مودی اور واجپائی پاکستان آئے، عمران خان چونکہ چور دروازے سے آئے ہیں اس لیے کوئی ان کا ٹیلی فون تک نہیں سنتا۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے وزیراعظم پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم بھکاری اعظم ہو، تم نے چھ ارب ڈالر کے لیے ملک کو آئی ایم کے پاس گروی رکھ دیا۔

مریم نواز نے کہا جو ووٹ چوری کر کے آتا ہے وہ خوف میں حکومت کرتا ہے اور نالائق اعظم نواز شریف کے خوف میں مبتلا ہے۔ این آر او سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو ہر بات میں کسی اور کا محتاج ہو، وہ کسی کو این آر کیسے دے گا، تم (عمران خان) خود کسی کے محتاج ہو تم نے کیا این آر او دینا ہے۔ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمہارے وزرا کا بیٹنگ آرڈر ایک لمحے میں درہم برہم کر دیا جاتا ہے، جس دن سے تم وزیراعظم بنے ہو تمہاری نظر نہیں اٹھتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی صدر نے کہا جب تمام لیڈر چوری کر رہے تھے تو ملک میں ترقیاتی کام ہو رہے تھے، لیگی رہنما جب ملک کو لوٹ رہے تھے اس وقت بجلی کی قیمتوں میں کمی آ رہی تھی۔

حکمراں جماعت پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جعلی صادق و امینوں کی حکومت میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہو گیا؟ مہنگائی میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟ اور اسٹاک ایکسچینج بھی نیچے گر رہی ہے۔ یوم تکبیر کے حوالے بات کرتے ہوئے (ن) لیگی رہنما نے کہا کہ کوئی ایک بروقت اور جراتمند فیصلہ ملکوں کی تقدیر بدل دیتا ہے، نواز شریف نے حوصلہ مند فیصلہ کرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا۔ لاہور میں لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے مریم نواز نے کہا کہ ملک میں اٹامک پاور کی بنیاد رکھنے والے ذولفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی اور دفاع ناقابل تسخیر کرنے واکے کو جیل میں ڈال دیا گیا۔
 
خبر کا کوڈ : 796764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش