0
Saturday 8 Jun 2019 10:03

سیاسی رہنماؤں کی شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت

سیاسی رہنماؤں کی شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ سیاسی رہنماؤں نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے خاڑ کمر میں آئی ای ڈی کے دھماکے میں پاک فوج کے 3 افسران سمیت 4 اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ ملکی سیاسی قیادت نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر پاک فوج کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ امن کے مکمل حصول تک جاری رہے گی، پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے، ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دھماکے سے شہادتوں پر اظہار رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں لیکن دہشت گرد اپنے مذموم حملوں سے پاکستان کا عزم کمزور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم شہداء کے خون کی قرض دار ہے اور شہداء کی عظیم قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خاڑ کمر میں بارودی سرنگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وطن عزیر کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں فوجی جوانوں کی شہادتوں پر انتہائی دکھ ہے۔ محمود خان نے کہا کہ شہیدوں کا لہو کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 798333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش