0
Tuesday 23 Jul 2019 18:24

امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش پر بھارتی رویہ حیران کن ہے، وزیراعظم عمران خان

امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش پر بھارتی رویہ حیران کن ہے، وزیراعظم عمران خان
اسلام ٹائم۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ افغانستان میں امن عمل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے نکتہ نظر کو سمجھنے پر ان کا دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کی جانب سے پرجوش استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر بھی ان کی تعریف کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے مختلف حصوں کے دورے کے لیے ٹرمپ کی مہمان نوازی کو سراہتا ہوں۔ اپنے ٹویٹس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں گزشتہ چار دہائیوں کی بدامنی کا خاتمہ دنیا پر واجب ہے، میں صدر ٹرمپ کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ افغانستان میں امن عمل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے لکھا کہ مسئلہ کشمیر پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کی پیشکش کی۔ کشمیریوں کی نسلیں اذیت سے گزری ہیں اور آج بھی گزر رہی ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو ایک میز پر لانے کی کوشش کی لیکن امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش پر بھارتی رویہ حیران کن ہے۔ مسئلہ کشمیر کے باعث خطہ 70 سال سے یرغمال بنا ہوا ہے۔ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر پر ایک میز پر لانے کی کوشش کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیساتھ تاریخی ملاقات ہوئی تھی جس میں صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 806604
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش