0
Thursday 29 Aug 2019 12:31

مصطفیٰ کمال کی بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج معطلی کیخلاف درخواست مسترد

مصطفیٰ کمال کی بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج معطلی کیخلاف درخواست مسترد
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائيکورٹ نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کو بطور پروجيکٹ ڈائريکٹر گاربيج بحال کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تقرری ضابطہ کے تحت نہیں ہوئی تو معطلی کيخلاف درخواست کیسے دی جا سکتی ہے۔ سابق سٹی ناظم اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کو میئر کراچی نے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کیا تھا، لیکن اگلے دن ہی ان کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ سماجی کارکن اور وکیل اقبال کاظمی نے گزشتہ روز مصطفیٰ کمال کی بحالی کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں میئر کراچی وسیم اختر، مصطفیٰ کمال اور سیکرٹری بلدیات کو فریق بنایا گیا۔

آج سندھ ہائیکورٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران درخواست گزار اقبال کاظمی نے اپنے دلائل میں کہا کہ مصطفیٰ کمال کوچند گھنٹے بعد ہی معطل کر ديا گيا، اگر ان کی تقرری غلط تھی تو مطلب ہے میئر نااہل تھا، میئر کراچی کو اگرمصطفیٰ کمال سے شکایت تھی تو ضابطے کے تحت شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا، اس طرح سے معطلی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے۔ جسٹس شفیع صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ پہلے یہ بتائیں تقرری کرنے کے کیا قوانین تھے، آپ کیا مذاق کرنے یہاں آئے ہیں، جب تقرری ضابطے کے تحت نہیں ہوئی تو معطلی کيخلاف کیسے آ سکتے ہیں، وہ قانون بتادیں جس کے تحت اس طرح تعیناتی کی جاتی ہو۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔

یاد رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر نے 26 اگست کو سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کو شہر کی صفائی کا ٹاسک دیتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کیا تھا۔ میئر نے تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کے چیلنج پر انہیں کہا تھا کہ 90 روزمیں کراچی کا کچرا اٹھا کر دکھائیں۔ اگلے ہی روز وسیم اختر نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کام کے بجائے سیاست چمکا رہے اور اپنے باسز کو گالیاں دے رہے ہیں،توقع تھی کہ وہ نیک نیتی کے ساتھ کام کرنے آئے ہیں لیکن میری مخلصی کا غلط فائدہ اٹھایا گیا،مصطفیٰ کمال نے ریلی نکالی اور مغلظات بکنا شروع کردیں جبکہ ان کو نوٹیفکیشن کے بعد دفتر آ کر ہم سے اپنا پلان شیئر کرنا چاہیے تھا۔
خبر کا کوڈ : 813323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش