0
Monday 9 Sep 2019 08:46

لاہور، نویں اور دسویں کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 5 ہزار اہلکار تعینات

لاہور، نویں اور دسویں کے جلوسوں کی سکیورٹی  کیلئے 5 ہزار اہلکار تعینات
اسلام ٹائمز۔ سی سی پی او لاہور بشیر احمد ناصر نے نثار حویلی کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان، ایس ایس پی آپریشنز اسماعیل کھاڑک، ایس پی سٹی سید غضنفر علی شاہ بھی ہمراہ تھے۔ سی سی پی او نے موچی گیٹ میں واقع تاریخی نثار حویلی کی انتظامیہ کے عہدیداروں کیساتھ ملاقات کی اور ڈیوٹی پر تعینات افسروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ سی سی پی او کا کہنا تھا کہ مرکزی جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں جبکہ نثار حویلی کی طرف آنیوالے تمام افراد کی چیکنگ ہوگی۔ سینئر پولیس آفیسر ماتمی جلوس کیساتھ ساتھ رہیں گے۔
 
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد نے  بتایا کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر 6 ایس پیز، 35 ڈی ایس پیز، 84 انسپکٹرزاور 5 ہزار سے زائد پولیس افسران واہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے جبکہ سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکار بھی اہم مقامات پر تعینات ہونگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجالس اور عزاداری جلوسوں کو اے، بی اور سی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے جن کے لئے 10 ہزار سے زائد رضا کار بھی امام بارگاہوں کی چیکنگ کے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ مرکزی عزاداری جلوسوں کی سیف سٹی کے کیمروں اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔
 
ڈی آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ امام بارگاہوں، عزاداری جلوسوں کے روٹ میں آنیوالی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے جبکہ ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ اور تھانوں کی گاڑیوں کی موثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اشفاق خان کا کہنا ہے کہ تین مقامات پر چیکنگ کے بعد شرکا کو میٹل ڈیٹکٹر اور واک تھرو گیٹ سے گزر کر جلوس میں جانے دیا جائے گا۔ یوم عاشورہ کے موقع پر لاہور میں 1 ہزار کے قریب ریسکیورز بھی ڈیوٹی دیں گے جبکہ نویں اور دوسویں محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہو گی جبکہ نویں دسویں محرم کو میں ٹریفک پولیس کے 6 ڈی ایس پی اور 72 انسپکٹرز اور خواتین وارڈنز سمیت 14 سو کے قریب ٹریفک اہلکاروں افسران ڈیوٹی دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 815251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش