0
Sunday 13 Oct 2019 15:22
ثالثی کیلئے کسی نے نہیں کہا یہ مکمل طور پر پاکستان کا اپنا انیشیٹو ہے

ایران سعودیہ تنازعہ حل کروانے کیلئے ہم ثالثی کی بجائے سہولت کاری کرینگے، عمران خان

ایشو پیچیدہ ہے لیکن ایران اور سعودیہ جنگ کی بجائے بات چیت سے حل کریں
ایران سعودیہ تنازعہ حل کروانے کیلئے ہم ثالثی کی بجائے سہولت کاری کرینگے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا دوست ملک ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ برے وقت میں ہماری مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں، ہمیں یہ احساس ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاملات بہت پیچدہ صورت میں ہیں، بہت ہی پیچیدہ ہیں، لیکن ہم کسی بھی صورت میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان لڑائی نہیں ہونے دینگے، ہم چاہتے ہیں کہ باہمی مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں کسی نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کروانے کیلئے نہیں کہا بلکہ ہم یہ کام مکمل طور پر اپنی مرضی سے کر رہے ہیں، ہم خود یہ چاہتے ہیں۔ عمران خآن نے کہا کہ پاکستان ایک چالثی کا نہیں بلکہ سہولت کار کا کردار ادا کریگا، سعودی ایران کشیدگی کے پیچھے مغربی طاقتوں کےمفادات پوشیدہ ہیں، ایران پر پابندیاں ہٹوانے کیلیے ڈائیلاگ میں سہولت کاری اور ایٹمی ڈیل پر دستخط کیلیےجو ہو سکا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ سے پورے خطے کا نقصان ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ میں منگل کو سعودی عرب جاؤں گا۔ عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر سے بھی ایران کیخلاف امریکی پابندیوں کے متعلق گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے کشمیریوں کی حمایت پر تہہ دل سے ایران کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم یمن مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے تہران میں ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات کی اور مختلف امورپر مشاورت بھی کی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران پڑوسی دوست ممالک ہیں، پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان سے حالیہ واقعات خصوصاً خلیج فارس اور دیگر معاملات پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان سیکیورٹی اور امن سے متعلق صورتِ حال پر بھی گفتگو ہوئی، پاکستان اور ایران مل کر خطے کے استحکام کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ اگر کوئی ملک سمجھتا ہے کہ خطے میں عدم استحکام کے بدلے کوئی کارروائی نہیں ہو گی تو وہ غلطی پر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یمن میں فوراً جنگ بند کی جائے جبکہ وہاں کے عوام کی مدد بھی کی جائے، امریکا کو چاہیے کہ ایران پر عائد پابندیاں اٹھائے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران سمجھتے ہیں کہ علاقائی مسائل مذاکرات سے ہی حل ہو سکتے ہیں، خیر سگالی کے جذبے کے جواب میں خیر سگالی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران ایران کے خلاف امریکا کے جابرانہ اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے ایران پنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ان کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔ یہ وزیراعظم کا اس سال ایران کا دوسرا دورہ ہے۔ وزیراعظم نے گزشتہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر بھی ایرانی صدر کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایران سعودیہ تنازعات میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کا خیر مقدم کیا تھا۔ ترک میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے پاس ایک دوسرے سے بات چیت کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے، ہم نے ہمیشہ کے لیے یہاں ساتھ ساتھ رہنا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کے دورہ ایران کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ پڑوسی ملک سعودی عرب کے ساتھ ثالثی یا براہ راست مذاکرات کے لیے تیار رہتے ہیں۔ مزید برآں وزیراعظم پاکستان منگل کو سعودی عرب روانہ ہو جائیں گے جہاں ان کی ملاقات سعودی ولی عہد سے متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے سعودی عرب کے حالیہ دورے میں ولی عہد محمد بن سلمان نے ان سے ایران کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کو کہا تھا۔
خبر کا کوڈ : 821820
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش