0
Wednesday 4 Dec 2019 19:24

ناکام خارجہ پالیسی کے باعث کشمیر کاز کو نقصان پہنچا، لیاقت بلوچ

ناکام خارجہ پالیسی کے باعث کشمیر کاز کو نقصان پہنچا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے علماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران تحریک آزادی کشمیر سے ہاتھ اٹھا چکے ہیں ناکام خارجہ پالیسی کے باعث کشمیر کاز کو نقصان پہنچا، ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جنگ عملاً ہار چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیری مسلمانوں کیساتھ جذباتی لگاؤ رکھتا ہے اور کشمیر کی آزادی کے حوالے سے اب نااہل حکمرانوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، سوائے اعلان جہاد فی سبیل اللہ کرنے کے کوئی دوسرا راستہ نہیں، جس سے فرار نااہلوں کی ذلت اور رسوائی میں مزید اضافہ کرے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ قوم آزادی کشمیر کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے مگر یہ حقیقت آشکار ہو چکی ہے کہ تبدیلی سرکار کی ناقص خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان کشمیر پر اسلامی ممالک سمیت اقوام عالم کی حمایت حاصل کرنے میں یکسر ناکام رہا ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اب مقبوضہ کشمیر عملاً بھارتی تسلط میں جا چکا ہے جو قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر بھارت کے کشمیر میں ہندو بستیاں بنانے کے اعلان کا نوٹس لے اور عالمی طاقتیں کشمیریوں پر ہونیوالے بھارتی مظالم فوری بند کروائیں اور کشمیریوں کو ان کی آزادی کا حق دلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو نااہل حکمرانوں نے معاشی استحکام پر لولی پوپ دے کر ملک کو معاشی بدحالی، بیروزگاری، مہنگائی، بدامنی اور سیاسی عدم استحکام کی دلدل میں دھکیل دیا ہے تبدیلی سرکار ملک و قوم کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے اپنی انا کے خول میں بند نااہل حکمرانوں کے پاس نہ معاشی، نا انتظامی، نہ سیاسی، نہ جمہوری اور نہ ہی عوامی فلاح کا کوئی منصوبہ ایجنڈا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور اسلامی انقلاب کے ذریعے اسلامی فلاحی ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے قانون سازی اور چیئرمین الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری پر حکومت اور اپوزیشن غیر سنجیدہ ہیں جبکہ قانون سازی اور چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری سنجیدہ معاملہ ہے مگر حکمران میں نہ مانوں کی ڈگر پر چل رہے ہیں تو اپوزیشن ضد کی چکی میں پس رہی ہے، جو ملک و قوم کے مفاد میں بہتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور غیر سنجیدہ فیصلوں نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، عدلیہ، پارلیمنٹ اور فوج سمیت تمام ادارے اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین و قانون کی حکمرانی چاہتی ہے اگر اب حکومت اور اپوزیشن نے آرمی چیف کی تقرری پر قانون سازی اور چیف الیکشن کمشنر و ممبران کی تقرری میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا تو پھر کوئی اور بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 830776
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش