0
Saturday 4 Jan 2020 23:25

برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران اور عراق کے سفر سے روکدیا

برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران اور عراق کے سفر سے روکدیا
اسلام ٹائمز۔ برطانیہ نے اپنے شہریوں کو عراق اور ایران کا سفر کرنے سے روک دیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عراق اور ایران میں جاری کشیدگی کی وجہ سے برطانوی شہری عراق اور ایران جانے سے گریز کریں، جاری کشیدگی کے خاتمے کے بعد ہی ان ممالک کا رخ  کریں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایران کی جانب سے مسجد جمکران جو کہ امام زمانہ (ع) سے منسوب ہے، میں سرخ پرچم لہرا دیا گیا تھا۔ اس سے قبل مسجد جمکران پر ہمیشہ سبز علم لہراتا تھا۔ قدیم فارس اور عرب روایات میں سرخ پرچم جنگ جاری ہونے کی علامات سمجھا جاتا ہے۔ ایسی پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ مسجد جمکران پہ سرخ علم لہرایا گیا ہے اور یہ عمل سردار قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں شہادت کے بعد انجام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل رمضان نے کہا تھا کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر امریکا کی خوشی جلد سوگ میں تبدیل کر دیں گے۔

جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد عراق سے ملحق سرحد پر ایرانی لڑاکا طیاروں کی پروازیں جاری تھیں۔ امریکہ بھی مشرق وسطیٰ میں مزید تین ہزار فوجی بھیجنے کی تیاری کر رہا تھا جبکہ اسرائیل نے شام اور لبنان سے ملحقہ اپنی سرحد پر سکیورٹی بڑھا دی تھی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکہ نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔ عراقی خودمختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔ جواد ظریف نے کہا تھا کہ ایران کسی بھی وقت اور انداز میں جواب دینے حق رکھتا ہے۔ طاقت اور جرائم کے ذریعے پالیسیوں پر پیش رفت دنیا کے لیے ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ واقعے پر ایران نے سوئس سفیر کو ایک ہی دن میں دو مرتبہ وزارت خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔ واضح رہے کہ سردار قاسم سلیمانی کی شہادت کے محض 24 گھنٹے بعد عراق میں ایک اور فضائی حملے میں پانچ افراد شہید ہوئے ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 836569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش