0
Thursday 23 Jan 2020 09:45
حاج قاسم سلیمانی کو شہید کرکے اپنے پاوں پر کلہاڑی ماری ہے،محمد رضا ناظری

خطے میں امریکہ کا وجود امن کیلئے خطرہ ہے، سیمینار سے مقررین کا خطاب

پاکستان اور ایران اسلام کی مضبوط رسی سے بندھے ہوئے ہیں، سینیٹر طلحہ محمود
خطے میں امریکہ کا وجود امن کیلئے خطرہ ہے، سیمینار سے مقررین کا خطاب
اسلام ٹائمز۔ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں شعبہ فارسی کے زیر اہتمام پاک ایران تعلقات کے موضوع پر انٹرنیشنل سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور میں تعینات قونصل جنرل ایران محمد رضا ناظری نے خصوصی شرکت کی۔ لاہور کالج  برائے خواتین یونیورسٹی میں منعقدہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر ایرانی کلچرل سنٹر رضائی فرد، ممتاز ایرانی دانشور ڈاکٹر صحرائی، ڈاکٹر نور محمد  شعبہ فارسی کی سربراہ ڈاکٹر فلیحہ کاظمی نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی قونصل جنرل  محمد رضا ناظری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات  معاشی اور سماجی  لحاظ سے بہت  مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ  نے ایرانی جنرل حاج قاسم سلیمانی کو شہید کرکے اپنے پاوں پر کلہاڑی ماری ہے اور اب ہمارا انتقام یہی ہوگا کہ امریکہ کو مشرق وسطیٰ سے نکال باہر پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے مشرق وسطیٰ سے مکمل انخلا تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
 
محمد رضا ناظری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کی دوستی کی جڑیں بہت گہری ہیں، ہمارے ثقافتی، سماجی اور مذہبی تعلقات ہیں جو لازوال ہیں۔ محمد رضا ناظری نے کہا کہ پاکستان میں ایسے لگتا ہے کہ ہم ایران میں ہی ہیں، لاہوریوں کے پیار کے قصے سنے تھے تاہم جب لاہور میں آئے تو اپنی آنکھوں سے ان کی محبت دیکھ لی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے میکانزم بنا رہے ہیں اور بینکنگ کے حوالے سے تاجر برادری کو درپیش مسائل بی حل کئے جا رہے ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل کی درخواست پر یوکرائن کے طیارے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اہمیت ہمسایوں کی ہوتی ہے جب پاکستان بنا تو ایران پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن کا منصوبہ جلد مکمل کیا جانا چاہیے، اس سے ہمارے ملک کو توانائی بحران سے نجات ملے گی۔
 
انہوں نے کہا پاکستان اور ایران اسلام کی مضبوط رسی سے بندھے ہوئے ہیں اور یہ وہی رسی ہے جس کا قرآن میں ذکر ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رہو اور تفرقے میں نہ پڑو۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی دوستی فطری ہے اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ دیگر مقررین نے بھی پاک ایران تعلقات کی بہتری کی اہمیت پر زور دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکہ کا وجود امن کیلئے خطرہ ہے، جب تک امریکہ موجود ہے، خطے میں امن نہیں ہو سکتا، اور امریکہ خطے میں جھوٹ کی بنیاد پر ہی اپنے قدم جمائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو ایران سے کوئی خطرہ نہیں مگر امریکہ نے سعودی عرب کو ایران سے ڈرا کر جہاں اپنا بھاری اسلحہ فروخت کیا وہیں مسلمانوں کے درمیان بھی تفرقہ پیدا کیا جس کا نقصان اسلام کو ہوا۔
خبر کا کوڈ : 840138
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش