0
Tuesday 18 Feb 2020 14:54

ڈی آئی خان، بم دھماکے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا

ڈی آئی خان، بم دھماکے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا
اسلام ٹائمز۔ تحصیل کلاچی کے علاقے مڈی میں پولیس موبائل بم دھماکے میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد ریاض کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں پورے سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان، ریجنل پولیس آفیسر فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) سید امتیاز شاہ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود، ایس پی انوسٹی گیشن امان اللہ خان، ایس پی ایف آر پی توحید خان گنڈہ پور، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین، ڈی ایس پیز سمیت پاک آرمی و سول انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان، ریجنل پولیس آفیسر فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) سید امتیاز شاہ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی۔ جنازے کے موقع پر ضلعی پولیس سربراہ شہید پولیس کانسٹیبل محمد ریاض کے لواحقین سے بھی ملے اور تعزیت کرتے ہوئے انہیں دلاسہ دیا۔ بعد ازاں شہید اہلکار کا جسد خاکی آبائی علاقے روانہ کیا گیا جہاں نماز جنازہ ادائیگی کے بعد پورے سرکاری اعزاز کیساتھ تدفین کی گئی۔ واضح رہے کہ تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی کے قریب تھانہ کلاچی پولیس کی موبائل وین کو سڑک کنارے نصب ریمورٹ کنٹرول بم سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب پولیس اہلکاروں کو علاقے میں پولیو ڈیوٹی کی سکیورٹی کیلئے پہنچایا جا رہا تھا۔ دھماکہ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل محمد ریاض موقع پر ہی شہید جبکہ کانسٹیبل شکیل اور ڈرائیور عطااللہ زخمی ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 845290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش