0
Friday 21 Feb 2020 02:12

عنقریب ہوائی دفاع کے نئے سسٹمز کا افتتاح کریں گے، یمنی مسلح افواج

عنقریب ہوائی دفاع کے نئے سسٹمز کا افتتاح کریں گے، یمنی مسلح افواج
اسلام ٹائمز۔ یمنی افواج نے اعلان کیا ہے کہ عنقریب ملک میں تیار کردہ نئے اور پیشرفتہ ایئرڈیفنس سسٹمز کا افتتاح کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے عرب نیوز چینل المسیرہ کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنیوالے کچھ دنوں میں یمنی افواج اپنے سروس گروپ میں شامل کئے گئے اُن نئے پیشرفتہ ایئرڈیفنس سسٹمز کا افتتاح کریں گی جو دشمن کے متعدد لڑاکا اور ڈرون طیاروں کو کامیابی کیساتھ تباہ کر چکے ہیں۔

جنرل یحیی سریع کا کہنا تھا کہ اب یمنی ایئر ڈیفنس سسٹم نئی پیشرفتہ ٹیکنالوجی کی بدولت ایک منفرد حیثیت کا حامل ہو گیا ہے جبکہ خدا کے لطف و کرم سے یمنی دفاعی اہلکاروں کو دشمن کے متعدد جنگی طیارے تباہ کرنیکا خاطرخواہ تجربہ بھی حاصل ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ دشمن جان لے کہ اب یمنی آسمان کوئی تفریحی مقام نہیں رہا۔

واضح رہے کہ یمن میں تیار کردہ نئے ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے یمنی فضائی حدود میں سعودی فوجی اتحاد کا "ٹارنیڈو" نامی آخری لڑاکا طیارہ چند روز قبل ہی یمنی صوبہ "الجوف" میں مار گرایا گیا تھا جسکی اطلاع دیتے ہوئے یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ اس سعودی لڑاکا طیارے کو یمنی پیشرفتہ ایئرڈیفنس سسٹم کے ذریعے مار گرایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 25 مارچ 2015ء سے یمن پر سعودی اتحاد کی مسلط کردہ جنگ میں متعدد یمنی مقامات پر جارحانہ کارروائیاں انجام دیتے سعودی فوجی اتحاد کے دسیوں لڑاکا طیارے مار گرائے گئے ہیں جن میں سے اکثر یمن کے شمالی و مغربی علاقوں میں سرنگوں ہونیوالے سعودی فوجی اتحاد کے ڈرون طیارے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 845791
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش