0
Saturday 29 Feb 2020 22:34

نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک و قوم کی قسمت نہیں بدل سکتی، محمد حسین محنتی

نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک و قوم کی قسمت نہیں بدل سکتی، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان میں نظام کی تبدیلی کے بغیر نوجوانوں سمیت ملک و قوم کی قسمت تبدیل نہیں ہو سکتی، نوجوانوں کا ہر دور میں اہم کردار رہا ہے، قیام پاکستان کیلئے علامہ اقبالؒ نے خواب دیکھا، قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ان کے ساتھیوں نے جدوجہد کی، تو اس خواب کی تعبیر ہوئی، جس میں علی گڑھ یونیورسٹی کے طلباء کا بڑا اہم کردار تھا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں جے آئی یوتھ پاکستان کے مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی کونسل کا دو روزہ اجلاس قباء آڈیٹوریم میں مرکزی صدر زبیر احمد گوندل کی صدارت میں جاری ہے، جس میں چاروں صوبائی صدور و دیگر عہدیداران شریک ہیں۔ اجلاس میں سالانہ منصوبہ بندی و دیگر تنظیمی امور پر غور سمیت اہم فیصلے متوقع ہیں۔

جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ذمہ داران پر زور دیا کہ بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو منظم کرکے ان کی ذہنی و فکری تربیت کا اہتمام کیا جائے گا، تاکہ ملک کو درپیش حالیہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے، ان شاءاللہ قوم کا کرپشن فری اور اسلامی پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوکر رہے گا۔ دریں اثناء اجلاس میں سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان اور جماعت اسلامی سندھ کے رہنماء محمد عظیم بلوچ کی وفات پر ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ مرکزی جنرل سیکریٹری شاہد نوید ملک، نائب صدور محمد حسن کھوسہ، حافظ عدیل باسط اور صوبائی صدر فرہاد گل سمیت دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر اجلاس میں شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 847615
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش