0
Thursday 30 Apr 2020 03:01

پی ٹی آئی کا سندھ حکومت کا کووِڈ ریلیف آرڈیننس عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

پی ٹی آئی کا سندھ حکومت کا کووِڈ ریلیف آرڈیننس عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے سندھ حکومت کا منظور کردہ کورونا ریلیف آرڈیننس عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ کی جانب سے کووڈ 19 آرڈیننس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، بغیر سوچے سمجھے اس قسم کی قانون سازی پہلی بار دیکھ رہا ہوں۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ یہ آرڈیننس انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے، یہ قانون سازی صرف تالیاں بجوانے کے لئے ہے، اس پر عمل کرانا بہت مشکل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت بجلی اور گیس کے بلوں میں رعایت دینے کی قانونی طور پر اہل نہیں، وفاق کے ماتحت آنے والے اداروں کے حوالے سے حکومت کیسے فیصلہ کرسکتی ہے؟ فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ اس قانون سازی سے 80 فیصد وفاق متاثر ہوگا جب کہ اس کا سہرا سندھ حکومت اپنے سر سجا رہی ہے، لاک ڈاؤن کے دوران جب ادارے کمائیں گے نہیں تو کیسے ملازمین کو تنخواہیں دیں گے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سندھ کابینہ نے سندھ کووڈ 19 ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس 2020ء منظور کیا تھا جسے منظوری کے لئے گورنر سندھ کو بھجوا دیا گیا ہے اور اب اس کی منظوری کا انتظار ہے۔
خبر کا کوڈ : 859817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش