0
Friday 15 May 2020 20:18

لاک ڈاؤن میں نرمی، خیبر پختونخوا حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان

لاک ڈاؤن میں نرمی، خیبر پختونخوا حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے عوامی سہولت کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے آگاہ کیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز (قواعد و ضوابط) کے تحت کھولا جائے گا، اس ضمن میں ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر ایس او پیز تشکیل دیئے جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تیل کی نئی قیمتوں کے مطابق ٹرانسپورٹرز کرائے پر نظر ثانی کریں گے اور مسافروں سے نیا کرایہ وصول کریں گے، بسوں میں سفر کرنے والوں کو ماسک اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ کمشنر حالات کو دیکھتے ہوئے ڈویژن کے اندر انفرادی روٹ کھولنے کا فیصلہ کریں گے، ایک ضلع کے اندرون یا ایک ضلع سے دوسرے ضلع کے روٹ کے فیصلے کا اختیار بھی کمشنرز کے پاس ہی ہوگا، ایسے روٹ جو مختلف ڈویژنوں کی حدود میں ہیں انکے کھولنے کا فیصلہ صوبائی سطح پر ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت سے کیا گیا ہے، صوبے میں پٹرول پمپ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، جبکہ حجام کی دکانیں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو 4 بجے تک کھلی رہیں گی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر برائے ثقافت شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ٹرانسپورٹ چلانے سے متعلق اختیار دے رہی ہے، وہ جہاں ضروری سمجھیں گے پبلک ٹرانسپورٹ کو کھولیں گے، جبکہ کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں ہم نہیں چاہتے کہ ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی جائے۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ضلعی سطح پر زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں گے، حکومت پورے صوبے میں ٹرانسپورٹ کھولنے کے حق میں نہیں، ہر صوبے میں علیحدہ، جبکہ ضلعی سطح پر بھی الگ صورتحال ہے۔
خبر کا کوڈ : 862892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش