0
Friday 12 Jun 2020 00:43

شہری اور دیہی علاقوں میں کورونا کی وباء تیزی سے بڑھ رہی ہے، علامہ باقر عباس زیدی

شہری اور دیہی علاقوں میں کورونا کی وباء تیزی سے بڑھ رہی ہے، علامہ باقر عباس زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے سندھ میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اپنی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہری اور دیہی علاقے اس وباء  سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، حکومت کی کوششیں پھیلاؤ کے تناسب سے ہم آہنگ نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ وباء تیزی سے پھیل رہی ہے، حوصلہ افزاء نتائج برآمد نہ ہونے کی ایک وجہ حالات کی سنگینی سے عوام کی عدم آگہی بھی ہے، جو لوگ دانستہ طور پر غفلت کا ارتکاب کر رہے ہیں وہ نہ صرف اپنی جان کے دشمن ہیں بلکہ پورے معاشرے کے مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے اس وباء پر قابو پایا وہاں حکومت اور عوام نے کورونا وائرس کے خلاف مشترکہ طور جنگ لڑی، وہاں کے عوام اور حکمران کورونا کے خلاف بھرپور جذبے کے ساتھ باہم صف آرا تھے، تاہم یہاں کی صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد سوا لاکھ کے نزدیک پہنچ چکی ہے، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ عوام اس گتھی کو سلجھانے میں مصروف ہے کہ کورونا حقیقت ہے بھی کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل بائیس کروڑ عوام کی سلامتی کے لئے خطرہ ہے، جو لوگ کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کرتے انہیں اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت کو اپنے قوانین میں سختی لانی ہوگی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صرف انتباہ کافی نہیں، آزمائش کی یہ گھڑی کسی مصلحت کی متحمل نہیں، یہ وقت سخت فیصلوں کا ہے تاکہ قوم کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 868053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش