0
Saturday 27 Jun 2020 12:29
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

آج پارلیمنٹ میں احتجاج کرینگے، مریم اورنگزیب

آج پارلیمنٹ میں احتجاج کرینگے، مریم اورنگزیب
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نواز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج پارلیمان میں احتجاج کرے گی۔ ایک بیان میں مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے خواجہ آصف کو تمام اپوزیشن جماعتوں سے اس حوالے سے رابطے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مل کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے میں واپسی کا مطالبہ کرے گی، تاریخ کے بلند ترین 33 فیصد اضافے کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں احتجاج میں شامل ہوں گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومتی سرپرستی میں سرگرم چینی مافیا کے بعد پٹرول مافیا کو پارلیمنٹ میں بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ اپوزیشن نے اتفاق کیا ہے کہ عوام کی مشکلات اور توقعات کو بھرپور طور پر پارلیمان میں پیش کیا جائے۔ ترجمان نواز لیگ نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے ایوان میں احتجاج کی حکمتِ عملی مرتب کر لی ہے، غریبوں کی زندگی پہلے ہی اجیرن بن چکی ہے۔ مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے غریبوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں گزشتہ کمی کا فائدہ بھی عوام کو نہیں دیا۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا جس کا اطلاق 26 جون 2020ء سے ہوا گیا یعنی یکم جولائی سے 4 دن پہلے ہی نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا۔جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سمری منظور کی جس کے بعد وزارتِ خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
خبر کا کوڈ : 871163
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش