0
Thursday 30 Jul 2020 21:48

اپوزیشن کی نااہلیوں اور نالائقیوں کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں شامل ہوا، مراد سعید

اپوزیشن کی نااہلیوں اور نالائقیوں کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں شامل ہوا، مراد سعید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے ملکی مفاد کی قانون سازی کی جیت اور ذاتی مفاد کی شکست پر قوم کو مبارک دی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں مراد سعید نے کہا کہ حکومت میں ہوتے ہیں تو لوٹ ان کی ترجیح ہوتی ہے، اپوزیشن میں آتے ہیں تو لوٹ کی چھوٹ ان کا ہدف بن جاتی ہے، پہلے زبانی اب تحریری طور پر این آر او پلس مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی نااہلیوں اور نالائقیوں کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں شامل ہوا، اب بھی ان کا ہدف تھا کہ پاکستان گرے لسٹ میں رہتا ہے تو رہے انہیں لوٹ مار کی چھوٹ ملنی چاہیے، لیکن قوم کو ملکی مفاد کی قانون سازی کی جیت اور ذاتی مفاد کی شکست بہت مبارک ہو۔

مراد سعید نے کہا کہ انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کے جعلی اکاؤنٹس کا کیس بند کرنے کا این آر او مانگا، نہیں دیا گیا، انہوں نے ٹی ٹی اسکینڈل کو دبانے کی چھوٹ مانگی، نہیں دی گئی، ان کی التجا تھی کہ 1999ء سے پہلے کے مقدمات سے صرفِ نظر کرلیا جائے، کوئی کامیابی نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے تھے کہ انہیں 99 کروڑ 99 لاکھ 99 ہزار 9 سو 99 روپے تک کی کرپشن کی اجازت دی جائے، وہ بھی نہیں ملی، ان کا خواب تھا کہ دس سال کی نااہلی کو 5 سال کی نااہلی میں تبدیل کیا جائے، اس میں بھی کامیاب نہ رہے، ان کا ہدف تھا کہ ان کی لوٹ کھسوٹ کو حلال قرار دیا جائے اور ان کی جانب سے ایک دوسرے پر قائم مقدمات کو بھی داخل دفتر کردیا جائے، یہ اس میں بھی ناکام رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم نے تحریری طور پر ڈاکے بچانے کا منصوبہ دیکھ لیا جو بُری طرح ناکام ہوا۔

انکا کہنا تھا کہ کراچی میں لوگوں کی املاک ڈوب گئیں، اثاثے ضائع ہوگئے لیکن پرچی چیئرمین کی زبان سے ایک لفظ نہ نکلا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے کسی قانونی تقاضے کے بغیر اپنے معاونین خصوصی کے اثاثے ڈکلیئر کروائے، بلاول بھٹو سندھ میں اپنے حواریوں اور معاونین کے اثاثے قوم کے سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی چینل اے آر وائی نے 5 کروڑ سے زائد کے فنڈز کے بارے میں سوال کیا تو پرچی چیئرمین کی جماعت نے اس کے خلاف شرمناک مہم چلائی، سماء نے بارش کے بعد کراچی کے عوام کی جمع پونجی پانی میں غرق ہوتے دکھائی تو انہوں نے اس پر یلغار کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرچیوں پر قائد بننے والے جمہوریت کے تقاضوں سے ناآشنا ہیں، میڈیا کے خلاف شرمناک مہم کی مذمت کرتے ہیں، جمہوریت سوال پوچھنے کی اجازت دیتی ہے چنانچہ جواب دینا ہوں گے۔

 
خبر کا کوڈ : 877572
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش