0
Thursday 17 Sep 2020 00:07

ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ کی الگ الگ عمارت خطے کو تقسیم کرنے کا آغاز ہوگا، راو عبدالقیوم شاہین

ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ کی الگ الگ عمارت خطے کو تقسیم کرنے کا آغاز ہوگا، راو عبدالقیوم شاہین
اسلام ٹائمز۔ تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راو عبدالقیوم شاہین نے کہا ہے کہ حکومت نے متنازعہ سیکرٹریٹ کے نام پر خطے کو دوحصوں میں تقسیم کردیا ہے، اب ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ کی الگ الگ عمارت کی تعمیر سے یہ تقسیم نفرتوں کی دیوار ثابت ہوگی، اگر حکمران دونوں شہروں کو خوش کرنا چاہتے ہیں تو پھر متنازعہ سیکرٹریٹ کے قیام کی بجائے ملتان اور بہاولپور کو انتظامی بنیادوں پر علیحدہ صوبہ بنا دیں تاکہ خطے کے تمام لوگوں کو دیرینہ مطالبہ پورا ہوسکے، مگر لگتا ہے کہ موجودہ حکمران بھی تخت لاہور کو تقسیم کرنے کو تیار نہیں ہیں، موجودہ حکمرانوں کو بھی اپنی بقا تخت لاہور میں نظر آتی ہے، یہ مفاد پرست سیاستدان کبھی بھی عوامی مفاد کے فیصلے نہیں کرسکتے۔خطے میں تعینات کئے جانے والے سیکرٹریز کو بھی دو حصوں میں تقسیم کرنے سے عوام کو دونوں شہروں کے درمیان شٹل کاک بنادیا جائے گا۔ عوام سوال کرتے ہیں کہ عوام کو محض سیکرٹریٹ کے نام پر ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کرنا کون سی قومی خدمت کے زمرے میں آتا ہے۔ اس خطے کے تمام مسائل کا حل فقط انتظامی بنیادوں پر علیحدہ صوبہ ملتان کے قیام میں مضمر ہے، حکمران تمام جماعتوں کی حمایت سے اس خظے کو علیحدہ صوبہ بنانے کیلئے قانون سازی کریں، پھر جو جماعت اس قانون سازی کی مخالفت کرے گی، خطے کے عوام خود ہی اس جماعت کو بذریعہ ووٹ سبق سکھا دیں گے۔ اس موقع پر ملک عمران یوسف، مسعود خالد علوی، غلام حسین انصاری، عبدالرزاق بھٹی، فیاض بھٹی اور دیگر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 886700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش