0
Monday 21 Sep 2020 21:24
انبیاء، اہلبیت (ع) کی توہین کرنیوالے سے تمام مکاتب اظہار لاتعلقی کرتے ہیں

کسی فرقے کو کافر قرار نہ دیا جائے، ایوان صدر میں ہونیوالی اتحاد امت کانفرنس کا اعلامیہ جاری

کسی فرقے کو کافر قرار نہ دیا جائے، ایوان صدر میں ہونیوالی اتحاد امت کانفرنس کا اعلامیہ جاری
اسلام ٹائمز۔ ایوان صدر میں ہونے والی اتحاد امت کانفرنس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ جس میں مختلف مکاتب فکر نے اتفاق کیا ہے کہ کوئی مقرر، خطیب یا ذاکر انبیاء اور اہلِ بیت کی توہین نہیں کرے گا، توہین کرنے والے کیخلاف کارروائی کی جائے گی، قرآن و سنت کی روشنی میں دیا جانے والا فتویٰ ہی معتبر ہوگا، کسی بھی مسلم یا غیر مسلم کو ماورائے عدالت واجب القتل قرار نہ دیا جائے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت وحدت امت کانفرنس ہوئی، وحدت امت کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق مذہب کے نام پر دہشتگردی، انتہاء پسندی، فرقہ وارانہ تشدد، قتل و غارت خلافِ اسلام ہے۔ تمام مکاتب فکر، مذاہب کی قیادت مذہب کے نام پر دہشتگردی سے اعلان لاتعلقی کرتی ہے۔ کوئی مقرر، خطیب، ذاکر یا واعظ اپنی تقریر میں انبیاء اور اہلِ بیت کی توہین نہیں کرے گا۔ کوئی توہین کرتا ہے تو تمام مکاتب فکر اس سے اعلانِ لاتعلقی کرتے ہیں۔ توہین کرنے والے کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ کسی بھی اسلامی فرقے کو کافر قرار نہ دیا جائے۔ کسی بھی مسلم یا غیر مسلم کو ماورائے عدالت واجب القتل قرار نہ دیا جائے۔

شرانگیز، دل آزار کتابوں، پمفلٹس، تحریروں کی اشاعت اور تقسیم و ترسیل نہ ہو۔ قرآن و سنت کی روشنی میں دیا جانے والا فتویٰ ہی معتبر ہوگا۔ کوئی مقرر صحابہ کرام، خلفائے راشدین، ازواجِ مطہرات کی توہین اور تکفیر نہیں کرے گا۔ اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور ان کے جان و مال کی توہین کرنے والوں سے حکومت کو سختی سے نمٹنا چاہیئے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہنماؤں کے جذباتی بیانات سے نفرتیں بڑھتی ہیں۔ جہالت پر مبنی اختلافات تفرقے کا باعث بنتے ہیں۔ ماضی میں ایران اور عراق کو لڑایا گیا۔ االلہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں خود بتا دیا کفر کسے کہتے ہیں۔ اس کا فیصلہ میں اور آپ کر بھی نہیں سکتے اور کہہ بھی نہیں سکتے۔ ایران عراق جنگ میں 10 لاکھ افراد کی جانیں گئیں۔ آپس کی نااتفاقی و ناچاقی نے عراق اور شام کو تباہ کر دیا ہے۔ مزید برآں کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور مشائخ نے شرکت کی۔ کانفرنس سے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کا مقصد اتحاد بین المسلمین کا فروغ اور فرقہ واریت کا تدارک ہے۔
خبر کا کوڈ : 887598
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش