0
Saturday 6 Aug 2011 17:56

ملک میں سیاسی استحکام کیلئے اہم فیصلے کر رہے ہیں، پی پی ایم کیو ایم اختلافات سے دیگر عناصر فائدہ اٹھاتے ہیں، گورنر سندھ

ملک میں سیاسی استحکام کیلئے اہم فیصلے کر رہے ہیں، پی پی ایم کیو ایم اختلافات سے دیگر عناصر فائدہ اٹھاتے ہیں، گورنر سندھ
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کیلئے ٹائم فریم دینے کا کوئی جواز نہیں، اہم چیز امن کے قیام کی کوششوں پر توجہ دینا اور اس پر عمل درآمد کرنا ہے۔ اسلام آباد میں بابر اعوان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اور الطاف بھائی کی ہدایت پر بات چیت کا عمل شروع کیا گیا ہے، جس میں کراچی میں سیاسی اور انتظامی ہم آہنگی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے کا ایک اور دور کراچی میں ہو گا، جس کے بعد حتمی نتیجہ سے آگاہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی سیاسی تلخی کا اثر انتظامی معاملات پر پڑا ہے اور بعض عناصر اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کراچی میں قیام امن کیلئے کوششیں کریں گی۔
ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ کراچی میں مجرمانہ عناصر کی بیخ کنی کی پوری کوشش کی جائے گی۔ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک علیحدہ ٹاسک ہے۔ کراچی میں فوج بلانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عشرت العباد نے کہا کہ فوج بھی پاکستان کا ادارہ ہے، حالات کو اس نہج پر کیوں جانے دیا جائے کہ انتہائی قدم کی جانب بڑھنا پڑے۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بابر اعوان کا کہنا تھا کہ آئین میں اس کا واضح میکنزم موجود ہے، اسے سیاست اور شوشا نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کو مضبوط کر رہے ہین۔
دیگر ذرائع کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی چپقلش کے ملک پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور اس سے دیگر عناصر بھی فائدہ اٹھاتے ہیں، پی پی اور ایم کیو ایم نے محسوس کیا ہے کہ سیاسی اختلافات کی وجہ سے فضاء خراب ہوئی اور درمیان میں کچھ سیاسی امور کی وجہ سے معاملات خراب ہوئے، سیاسی اور انتظامی معاملات میں توازن کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سینیٹر بابر اعوان سے ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پی پی، ایم کیو ایم میں پیشرفت جاری ہے، جلد کراچی میں بات ہو گی، جس کا مقصد ملک میں گورننس، عوام کو ریلیف، استحکام کے مقصد پر قائم رہنا ہے، انہوں نے بتایا کہ بابر اعوان سے بات چیت میں استحکام کے عزم کو سیاسی حوالے سے واضح بنانے پر اتفاق ہوا ہے، صدر کی گائیڈ لائنز پر سیاسی و انتظامی طور پر اقدامات طے کیے ہیں۔ 
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ فوج ملکی ادارہ ہے، حالات کو فوج بلانے کی نہج تک جانے نہیں دینا چاہیے، سیاسی استحکام اور ہم آہنگی کیلئے یقیناً ملکر کام کرینگے، انہوں نے کہا کہ سیاسی اور انتظامی معاملات میں توازن کی ضرورت ہے، ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ قوم پرستوں کی ہڑتال کے اعلان پر الطاف حسین نے معافی مانگی تھی۔ اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ الزامات لگانے کا سلسلہ بند کرنے کیلئے بھی اقدامات طے کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 89838
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش