0
Wednesday 30 Dec 2020 19:22

برطانیہ میں بننے والی متنازع فلم کی مذمت کرتے ہیں، علامہ ساجد نقوی

برطانیہ میں بننے والی متنازع فلم کی مذمت کرتے ہیں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے سوشل میڈیا پر برطانوی نجی عربی ٹی وی کی جانب سے تیار کردہ فلم ’’The Lady Of Heaven“ کا ٹریلر منظر عام پر آنے پر اُس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون جنت فلم میں متنازعہ امور شامل کرنا انتہائی قبیح اور مذموم حرکت ہے، ایسی ایک متنازعہ فلم بھارت میں 2019ء میں بنانے کی کوشش کی گئی تھی، جس کیخلاف بھرپور آواز اُٹھائی گئی اور اُس کا راستہ روکا، اب اس کا بھی روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فلمیں مسلمانوں کے درمیان تفرقہ، بغض و عداوت ڈالنے کی کوشش ہیں، عالم اسلام کی شخصیات نے تفرقہ آمیز عناصر کو ان کے مذموم مقاصد و اہداف و عزائم میں ناکامی دلائی ہے۔ علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ 50 ملین ڈالر کی لاگت سے ”خاتون جنت“ سیدة النساء العالمین حضرت سیدہ فاطمہؑ کی زندگی پر مبنی اس فلم کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرنا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ اتحاد دشمن عناصر کے تمام عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اتحاد کے بانیوں میں سے ہیں، پاکستان میں وحدت کی فضا قائم کرنے کیلئے ہم نے بہت سی قربانیاں دیں اور امت کے اتحاد کیخلاف ہونیوالی ہر قبیح حرکت کو حکمت عملی کیساتھ ناکام بنایا، یہ بات ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ مسالک کے مقدسات کی توہین حرام ہے، یہ انتہائی حساس مسئلہ ہے، جس کیخلاف بروقت آواز اُٹھانا ضروری ہے، کیونکہ اس فلم کے منظر عام پر آنے سے مسلمانوں کے مابین حالات کشیدہ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے آپس میں اختلافات سے فقط دشمن عناصر کو ہی فائدہ ہوگا۔ علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کیلئے ایک عظیم سرمایہ وحدت ہے، ہمیں ان کے طرز زندگی کو اپنانے اور اتحاد دشمن عناصر کے تمام عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پہلے سے زیادہ اتحاد بین المسلمین کی ضرورت ہے، تاکہ اتحاد دشمن عناصر کے خواہ وہ کسی شکل میں ہوں، تمام عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 907027
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش