0
Thursday 11 Aug 2011 12:54

امریکی رپورٹ سراسر جھوٹ ہے، امریکہ اور اسکے گماشتے ہمارے ایٹمی اثاثوں کی ایک سوئی بھی حاصل نہیں کر سکتے، اسلم بیگ

امریکی رپورٹ سراسر جھوٹ ہے، امریکہ اور اسکے گماشتے ہمارے ایٹمی اثاثوں کی ایک سوئی بھی حاصل نہیں کر سکتے، اسلم بیگ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل مرزا محمد اسلم بیگ نے پاک فوج میں مذہبی عناصر کے غلبے، سینئر فوجی افسران کے کٹر مذہبی رحجان کا حامل ہونے اور پاکستان کے ایٹمی اثاثوں تک ”اسلام پسندوں“ کی رسائی ممکن ہونے کے بارے امریکی رپورٹ کو جھوٹ اور بکواس قرار دیا ہے۔ جنرل مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے سو فیصد محفوظ ہیں۔ ہمارا ایٹمی پروگرام بھی بے حد محفوظ ہے۔ دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہیں جس کے ایٹمی پروگرام میں نہ کبھی کوئی حادثہ ہوا نہ لیکج ہوئی اور نہ کبھی کوئی خرابی پیدا ہوئی۔ دیگر قوموں کے ایٹمی پروگراموں میں سینکڑوں کمزوریاں اور لیکج ہوتی رہی ہیں۔ ہمارا ایٹمی پروگرام جتنا محفوظ ہے ہمارے ایٹمی اثاثے اس سے بھی زیادہ محفوظ ہیں۔ کسی کی مجال نہیں کہ ہمارے ایٹمی اثاثوں اور ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچا سکے۔ 
سابق آرمی چیف نے کہا کہ امریکہ لاکھ اپنے گماشتے پاکستان بھیجے یا افغانستان تعینات کرے، یہ چیلنج ہے کہ جتنی مرضی کوشش کر لیں، ہمارے ایٹمی اثاثوں کی ایک سوئی بھی حاصل نہیں کر سکتے ہیں۔ جنرل مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ امریکہ اور مغربی دنیا جان لے کہ ہمارے ہاں نہ اسلامی انتہاپسندی آ رہی ہے نہ ایٹمی پروگرام کو خطرہ ہے۔ ہماری پسپائی نظریاتی محاذ پر ہے اور یہ بے حد تلخ حقیقت ہے۔ جنرل مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ امریکی رپورٹ کے بالکل برعکس ہم بحیثیت قوم نظریات سے دور ہو رہے ہیں۔ ہماری اکثریت نام کی مسلمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تو حالت یہ ہو چکی ہے کہ 70 فیصد افراد نام کے مسلمان ہیں۔ جن کا نماز، قرآن، دین سے کم ہی تعلق ہے۔ جیسی قوم ویسی ہی فوج ہے۔ ہماری فوج میں مسلمان ضرور ہیں، پڑھے لکھے بھی ہیں مگر 55 فیصد دین سے نابلد ہیں۔ 45 فیصد میں سے 25 فیصد کا دین سے برائے نام تعلق ہے۔
 لہٰذا فوج میں کٹر مسلمانوں کی اکثریت کی رپورٹ سراسر جھوٹ ہے اور ان کے بڑے عہدوں پر پہنچنے کی بات بھی جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں اوپر سے نیچے تک دین کے پیروکار افسران کہیں نظر نہیں آتے تھے۔ اسی دور میں دینی تعلیم کو سکولوں سے نکالا گیا اور اسلامی تاریخ کو مسخ کیا گیا۔ بدقسمتی یہ ہے کہ جو کام مشرف نے 9 سال میں کیا اس کے جانے کے بعد موجودہ حکمرانوں نے بھی اس میں تبدیلی نہیں کی۔ انہوں نے پاکستان میں امریکی ایجنٹوں کی سفارتکاروں کے روپ میں داخل ہونے کے بارے میں کہا کہ امریکہ ہمارا کیا بگاڑ سکتا ہے وہ تو خود افغانستان میں آ کر اپنی معیشت تباہ کروا چکا ہے۔ اپنے لوگوں کو مروا کر اپنی عزت گنوا رہا ہے۔ امریکہ، مغرب اور بھارت سب افغانستان میں پسپا ہو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 91016
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش