0
Monday 18 Jan 2021 15:33

جنوبی وزیرستان، سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار

جنوبی وزیرستان، سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے نارگوسا میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ بیان کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد عثمان علی اور وحید لشتئی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سجنا گروپ کے سرگرم اراکین اور آئی ای ڈی ماہر، دہشت گردوں کے ٹرینر، موٹی ویٹر تھے اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ دہشت گرد عثمان 14 اکتوبر 2020ء کو سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے میں بھی ملوث تھا، جس کے نتیجے میں کیپٹن عمر چیمہ، 2 جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 3 جوان شہید جبکہ 4 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ وزیرستان خاص طور پر اس کے شمالی حصے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، جس میں سکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد اہم دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے، تاہم اس دوران کئی جوانوں نے مملکت خداداد کی خاطر جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا ہے۔ رواں ماہ ہی 15 جنوری کو میرعلی سب ڈویژن کے علاقے عزیز خیل میں چیک پوسٹ کے قریب سکیورٹی اہلکار پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں لانس نائیک عباد علی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

14 جنوری کو شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر 2 خفیہ آپریشنز کیے تھے جن میں 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے جبکہ ہلاک دہشت گردوں میں دیسی ساختہ بارودی سرنگیں بنانے والا ماہر بھی شامل تھا۔ اس واقعے سے دو روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے اسپِن وام میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔ قبل ازیں گزشتہ پیر کی رات کو بھی اسی علاقے میں دہشت گردوں نے ایک اور سکیورٹی پوسٹ پر بھی حملہ کیا تھا جس میں ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں 24 دسمبر 2020ء کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہو گیا تھا جبکہ 2 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 910884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش