0
Thursday 28 Jan 2021 18:50

سینیٹ الیکشن، وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن کی مزید 2 وکٹیں گرا لیں، تعداد 9 ہوگئی

سینیٹ الیکشن، وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن کی مزید 2 وکٹیں گرا لیں، تعداد 9 ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب اپوزیشن کی وکٹیں گرانے میں مصروف ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپوزیشن جماعتوں کی دو وکٹیں مزید گرا لی ہیں۔ وزیراعلیٰ اب تک اپوزیشن کے 9 ارکان کی حمایت حاصل کرچکے ہیں۔ اسی سلسلے میں سردار عثمان بزدار سے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے رئیس نبیل احمد اور مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے کاشف محمود نے الگ الگ ملاقات کی۔ پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی کاشف محمود نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ رئیس نبیل احمد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل اور عوامی ضروریات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر حلقے کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں اور میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پر ہر شہر اور قصبے کے عوام کا حق ہے، پنجاب کے دور افتادہ شہروں کا ترقی پر پورا حق ہے اور ہم انہیں یہ حق لوٹائیں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا۔ ترقی کے سفر پر پہلا حق پسماندہ علاقوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے جعلی نعروں سے عوام کا دل بہلایا، عوام سمجھدار اور اچھے بُرے کی تمیز رکھتے ہیں، ترقی مخالف عناصر پروپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ رکن صوبائی اسمبلی رئیس نبیل احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات بہت خوشگوار رہی، آپ انتہائی اخلاق سے ملتے ہیں اور آپ کی ملنساری سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عون چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی کاشف محمود نے بھی ملاقات کی۔ ایم پی اے کاشف محمود نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خیریت دریافت کی اور انہیں کورونا سے صحتیابی پر مبارکباد دی۔ کاشف محمود نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نیک تمناؤں کے اظہار پر کاشف محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے آپ کے لئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ نیک نیتی کیساتھ عوامی خدمت کی ہے اور کرتے رہیں گے۔ تنقید برائے تنقید کے باوجود ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا ہے اور پہلی بار منتخب نمائندوں کی مشاورت سے مقامی سطح پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہر کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے۔ بہاولنگر کیلئے بھی خصوصی پیکیج دیا جائے گا اور میں خود جلد بہاولنگر کا دورہ کروں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان میں افراتفری کی نہیں بلکہ ترقی کی سیاست ہوگی، ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنیوالے عناصر تنہا ہوچکے ہیں اور عوام میں ایسے لوگوں کی ساکھ ختم ہوچکی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی کاشف محمود نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نفیس طبع شخصیت کے مالک ہیں، مل کر خوشی ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 912935
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش