0
Friday 12 Mar 2021 21:41

قرآن کریم میں ایک نقطہ کی ترمیم و تبدیلی کی بھی گنجائش نہیں ہے، مولانا ولی رحمانی

قرآن کریم میں ایک نقطہ کی ترمیم و تبدیلی کی بھی گنجائش نہیں ہے، مولانا ولی رحمانی
اسلام ٹائمز۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی نے کہا کہ قرآن کریم اللہ تعالٰی کی نازل کی ہوئی کتاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر پوری دنیا کے تمام فرقوں کے مسلمانوں کا مکمل اتفاق ہے کہ قران کریم اپنی اصلی نازل شدہ صورت میں پوری دنیا میں موجود ہے اور انشاء اللہ رہتی دنیا تک باقی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کی کسی آیت میں تبدیلی کا سوچنا تو دور اس کے زیر و زبر اور ایک نقطہ تک میں بھی ترمیم کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک جتنے لوگوں نے قرآن کریم پر اعتراض کرنے کی کوشش کی انہیں منہ کی کھانی پڑی اور وہ اپنے ارادہ میں ناکام و نامراد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش کے شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی نے قرآن کریم کی 26 آیتوں کے بارے میں سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کی ہے، یہ صرف پبلسٹی حاصل کرنے کا ایک اسٹنٹ اور ایسے سیاسی مفادات حاصل کرنے کی غرض سے ہے جو ذاتی نوعیت کے ہیں۔

مولانا محمد ولی رحمانی نے وسیم رضوی کی قرآن کریم کے بارے میں حالیہ بدتمیزیوں پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وسیم رضوی کی یہ حرکت کوئی نئی نہیں ہے، ایسی بدتمیزیاں و اسلام، مسلمانوں اور شعائر اسلام کے بارے میں ماضی میں بھی کرتے رہے ہیں، جو لوگ اس سے واقف ہیں اور خبروں پر نگاہ رکھتے ہیں وہ اس کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار وسیم رضوی نے نہ صرف قرآن کریم کے بارے میں بلکہ خلفاء کے بارے میں بڑی بُری باتیں کہیں ہیں۔ مولانا محمد ولی رحمانی نے کہا کہ قرآن مجید کی آیتوں کو ہٹانے یا مٹانے کا مسئلہ کسی فرقہ یا مسلک سے تعلق نہیں رکھتا بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے متفقہ عقیدہ سے اس کا تعلق ہے، اس لئے میں مسلمانوں کی تمام جماعتوں خواہ وہ شیعہ ہوں، سنی ہوں، بوہرہ ہوں، دیوبندی ہوں، بریلوی ہوں، اہل حدیث ہوں یا کسی بھی فرقہ سے تعلق رکھتے ہوں اپیل کرتا ہوں کہ اس معاملہ میں احتجاج کا حصہ بنیں۔
خبر کا کوڈ : 921139
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش