0
Monday 29 Mar 2021 19:28

دنیا کا ہر طبقہ ایک نجات دہندہ کی راہ دیکھ رہا ہے، سیدہ زہراء نقوی

ولادت باسعادت صاحب العصر والزمان امام مھدی (عج) کے موقع پر مبارکباد
دنیا کا ہر طبقہ ایک نجات دہندہ کی راہ دیکھ رہا ہے، سیدہ زہراء نقوی
اسلام ٹائمز۔ پندرہ شعبان روز ولادت باسعادت صاحب العصر والزمان امام مھدی (عج) کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی راہنماء اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ نجات دہندہ عالم بشریت حجت خدا، مھدی برحق امام عصر علیہ الصلوۃ والسلام کی ولادت باسعادت کے پرنور موقع پر اہلبیت اطہار (ع) و کل عالم انسانیت کو دلی طور پر ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا حضرت بقیۃ اللہ (عج) وہ متفق علیہ ہستی ہیں، جن کو تمام اسلامی فرقے تسلیم کرتے ہوۓ آپؑ کے ظہور پر اعتقاد رکھتے ہیں، دنیا سے ظلم و ستم، فساد و تباہی کے خاتمے اور عدل و انصاف، مہر و محبت کی فضا قائم ہونے کے سلسلے میں آپؑ کی ذات سے لو لگاتے ہوئے تمام مکاتب فکر اپنے طور پر آپؑ کی آمد کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا مہدی موعود (عج) عدل الہیٰ کی بنا پر عالمی حکومت قائم کریں گے، آپ کے قیام کے بعد عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا اور ظلم و ستم کی جڑیں خشک ہو جائینگی۔ انہوں نے کہا امام مھدی (عج) کے حقیقی ناصران میں شمار ہونے کیلئے پہلے ہمیں سچا منتظر بننا ہوگا، ایسے انتظار کرنیوالے افراد جن کے وجود کو ہر ذرہ امام (عج) کیلئے چشم برآہ ہو اور ہمارا کردار و گفتار قول و فعل تعلیمات اہلبیت (ع) کے مطابق ہو، منتظرین کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی اور اپنے معاشرے کی اصلاح کا فریضہ انجام دیتے ہوئے ظہور امام (ع) کی زمینہ سازی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہر طبقہ، ہر گروہ، ہر فرد شعوری یا لاشعوری طور پر کسی نجات دہندہ کی راہ دیکھ رہا ہے، جو دنیا میں عدل اور امن قائم کرے گا، جو مظلوموں کا داد رس اور ظالموں پر قہر بن کہ ٹوٹے گا اور جس کی حاکمیت میں کل انسانیت سکھ کا سانس لے سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شب نیمہ شعبان کی عبادات و مناجات میں ہماری سب سے اہم دعا تعجیل ظہور امام زمانہ (عج) کی ہونی چاہیئے، کیونکہ آپ (عج) کے ظہور اور قیام کے ذریعے ہی محرومی ناکامی اور بے چارگی کے راستے بند ہو جائینگے، مستکبرین کا تختہ الٹ جائے گا اور مستضعفین اور محروم غالب آجائیں گے اور پوری کائنات کے اندر صرف اور صرف توحید کا پرچم سر بلند نظر آئے گا۔
خبر کا کوڈ : 924106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش