0
Thursday 22 Apr 2021 22:23

آئمہ جمعہ و جماعت کے نام شیعہ لاپتہ افراد کے خانوادوں کا اہم پیغام

آئمہ جمعہ و جماعت کے نام شیعہ لاپتہ افراد کے خانوادوں کا اہم پیغام
اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی جانب سے پاکستان کے آئمہ جمعہ و جماعت کے نام شیعہ لاپتہ اسیروں کے خانوادوں کا اہم پیغام جاری کیا گیا ہے۔ اپنے پیغام میں شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ آپ کی ملت کا مظلوم ترین طبقہ یعنی شیعہ مسنگ پرسنز کا ہے، جو کہ سالوں سے اپنے پیاروں کی راہ تک رہے ہیں، لیکن ان کو کوئی خبر نہیں کہ وہ کس حال میں ہیں، یہ مظلوم لوگ سالوں سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ان کو صرف تسلیوں کے سوا کچھ نہیں بتایا جا رہا، اب تک اس سلسلے میں تین تحریکیں چل چکی ہیں، جس میں کچھ لوگ بازیاب بھی ہوئے لیکن یہ جو کہ ان تحریکوں میں شامل رہے، اب تک اپنے عزیز کی کوئی خیر خبر نہ پا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چوتھی تحریک ہے، جو شیعہ مسنگ پرسنز کمیٹی نے گذشتہ دو سال سے شروع کی ہوئی ہے اور مقتدر اداروں سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران تمام تر مطلوبہ معلومات اور وقت دینے کے باوجود ہماری فہرست میں موجود کچھ لوگ بازیاب ہوسکے، لیکن پورے پاکستان میں اب بھی 33 وہ لوگ ہیں، جو ڈیڑھ سال سے 10 سال کی مدت سے لاپتہ ہیں۔ اہل خانہ نے کہا کہ لاپتہ افراد میں سے کچھ ایسے ہیں، جن کے والدین دروازوں پر نظریں لگائے اس دنیا سے چلے گئے، کچھ شدید بیماری اور کمزوری کی زندگی گزار رہے ہیں، کچھ معصوم بچے اپنے باپ کی جدائی اور اس کیفیت میں مبتلا ہوکر عارضہ قلب میں مبتلا ہوچکے ہیں، بیویاں اپنے بچوں کے معصوم سوالات کا جواب دے دے کر تھک چکی ہیں، خلاصہ یہ کہ ان کے صبر کی طاقت ختم ہوچکی ہے اور وہ اب یہ چاہتے ہیں کہ اب کچھ ایسا کرنا چاہیئے کہ یہ مسئلہ پوری طرح حل ہو جائے۔

شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے مطابق مسنگ پرسنز کمیٹی نے ان ستم دیدہ فیملیز کے اصرار پر قائداعظم کے مزار پر کئی دنوں سے دھرنا دیا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کا دینی، اجتماعی و انسانی وظیفہ ہے کہ ان مظلوموں کی اس تحریک میں بھرپور ساتھ دیں، لہٰذا ہماری آپ علماء کرام سے گزارش ہے کہ آپ جس شہر یا مسجد میں ہیں، وہاں اس پر آواز اُٹھائیں اور جس سطح پر بھی احتجاج کرسکتے ہوں، احتجاجی اجتماعات کرکے اس مظلومیت کی آواز میں قوت اور طاقت پیدا کریں، خداوندا متعال آپ کا حامی و ناصر ہو اور مظلوموں کے آقا و مولا امام زمان (عج) کے ظہور میں تعجیل عنایت فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 928703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش