0
Saturday 8 May 2021 08:32

شہباز شریف کو لندن روانگی سے روک دیا گیا

شہباز شریف کو لندن روانگی سے روک دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو لاہور ائیرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے نون لیگی صدر کا نام تاحال بلیک لسٹ سے نہیں نکالا گیا۔ سسٹم میں کلیئرنس جاری نہیں ہوئی۔ امیگریشن سسٹم میں اپ ڈیٹ نہ ہونے سے انہیں آف لوڈ کر دیا گیا، لہٰذا نام کلیئر ہونے پر جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ لاہور ہائیکورٹ سے اجازت ملنے کے بعد مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف بیرون ملک روانگی کیلئے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں انہیں رخصت کرنے کیلئے درجنوں کارکن بھی موجود تھے، جنہوں نے نعرے لگا کر اپنے قائد کو رخصت کیا، تاہم جب شہباز شریف ائیرپورٹ کے احاطے میں بورڈنگ کارڈ لینے پہنچے تو ایف آئی اے امیگریشن حکام نے نون لیگی صدر کو پی این آئی لسٹ میں نام شامل ہونے کی وجہ سے جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا۔
 
اس موقع پر شہباز شریف اور نون لیگی رہنماؤں کی جانب سے ایف آئی اے امیگریشن حکام کو لاہور ہائیکورٹ کا آرڈر بھی دکھایا گیا، تاہم حکام کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے شہباز شریف کا نام تاحال بلیک لسٹ سے نہیں نکالا گیا اور سسٹم میں کلیئرنس بھی جاری نہیں ہوئی۔ امیگریشن سسٹم میں اپ ڈیٹ نہ ہونے کی بناء پر انہیں جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر سسٹم میں ان کا نام کلیئر ہو جاتا ہے تو پھر ہی انہیں جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ لاہور ائیرپورٹ پر کافی دیر تک نون لیگی رہنماء امیگریشن حکام سے تکرار بھی کرتے رہے۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے اور انہیں ون ٹائم ٹریول کی اجازت دی گئی ہے، انہیں ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود روکنا غیر قانونی ہے۔ تکرار اور بحث و مباحثہ کے باوجود جب امیگریشن حکام نے انہیں جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہ دی تو شہباز شریف  لاہور ائیرپورٹ سے واپس گھر روانہ ہوگئے۔ دوسری طرف نون لیگی ترجمان کا کہنا ہے کہ وکلاء سے مشاورت جاری ہے، توہین عدالت کا نوٹس دینگے۔

دیگر ذرائع کے مطابق امیگریشن حکام نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو لاہور ایئرپورٹ پر روک لیا، ذرائع کے مطابق حکام نے شہباز شریف سے کہا کہ ہمارے سسٹم میں آپ ابھی تک بلیک لسٹ ہیں۔ عطا تارڑ نے ایئرپورٹ حکام کو معاملے سے آگاہ کیا، عطا تارڑ نے حکام کو عدالتی حکمنامہ پڑھ کر بھی سنایا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکام سے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا آرڈر ہے، ون ٹائم ٹریول کی اجازت دی ہے۔ شہباز شریف نے ایئرپورٹ حکام کو عدالت کے احکامات بھی دکھائے۔ آف لوڈ فارم کی تحریر کے مطابق شہباز شریف کے حوالے سے سسٹم ابھی اپ ڈیٹ نہیں ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 931411
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش