0
Monday 19 Jul 2021 23:24

آل سعود رژیم کی جانب سے حج پر پابندی بہت بڑا جرم ہے، عبدالملک الحوثی

آل سعود رژیم کی جانب سے حج پر پابندی بہت بڑا جرم ہے، عبدالملک الحوثی
اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق یمن میں اسلامی مزاحمت کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے عید سعید قربان کی مناسبت سے تمام اہل اسلام کو مبارکباد عرض کرتے ہوئے کہا: "ہم پوری امت مسلمہ کے ساتھ ساتھ یمن کی مسلمان ملت اور مجاہدین کی خدمت میں اس عید پر مبارکباد عرض کرتے ہیں اور خداوند متعال سے دعاگو ہیں کہ اس مبارک موقع کو امت مسلمہ کی کامیابی اور خیر و برکت کا باعث قرار دے۔ یہ عید ایسے وقت آئی ہے جب شدید مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے اور امت مسلمہ بہت سے تلخ واقعات کے باعث رنجیدہ خاطر ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "امت مسلمہ جس قدر شدید مشکلات اور چیلنجز سے روبرو ہے اسی قدر ان پر غلبہ پانے کیلئے بھرپور طاقت اور صلاحیت سے بھی برخوردار ہے۔ امت مسلمہ خداوند متعال پر بھروسہ کر کے اور اس سے مدد کی درخواست کے ذریعے ان مشکلات اور چیلنجز پر غلبہ پا سکتی ہے۔"
 
انصاراللہ یمن کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے کہا: "عید سعید قربان اور حج کے اعمال اور شعائر انتہائی اہم پیغامات کے حامل ہیں۔ ایک پیغام یہ ہے کہ امت مسلمہ طاقتور ہو سکتی ہے اور عزم راسخ پیدا کر سکتی ہے۔ یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ ظالم سعودی نظام مسلسل دوسرے سال بھی عالمی سطح پر حج کے انعقاد میں رکاوٹ بنا ہوا ہے اور اسلامی ممالک کے مسلمانوں کو حج کرنے کی اجازت نہیں دے رہا۔ آل سعود رژیم کی جانب سے حج کے انعقاد میں رکاوٹ ڈالنا اور اسے صرف سعودی شہریوں کی حد تک محدود کر کے علامتی طور پر منعقد کرنا قرآن کریم کے خلاف ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "آل سعود رژیم کا یہ اقدام خود حج کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے جو ایک عالمی اسلامی فریضہ ہے۔ مسجد الحرام اور مقدس مقامات پر انتہائی محدود تعداد میں مسلمان دیکھ کر دکھ کا احساس ہوتا ہے۔ ایک طرف مسجد الحرام حاجیوں سے خالی پڑا ہے جبکہ دوسری طرف سعودی حکومت نے لہو و لعب اور اخلاقی بے راہروی کے مراکز ایجاد کر رکھے ہیں جن میں بھرپور شرکت جاری ہے۔"
 
انصاراللہ یمن کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے کہا: "انحراف کا شکار سعودی رژیم مقدس مقامات کی بے حرمتی کر رہی ہے اور اسلام کے عظیم مقدسات کی حرمت پامال کی جا رہی ہے۔ یہ مقدس مقامات سعودی رژیم کی ملکیت نہیں ہیں اور امت مسلمہ کو حج کے انعقاد کا حق حاصل ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "دیگر اسلامی ممالک کے مسلمان شہریوں کو حج سے روکنے کیلئے باطل اور جبری اقدامات بہت بڑا مجرمانہ فعل ہے جو آل سعود رژیم امت مسلمہ کی تخریب کیلئے انجام دے رہی ہے۔ سعودی حکمرانوں کا ایک اور مجرمانہ فعل جو اسلام دشمن عناصر کی خوشنودی کیلئے انجام پایا ہے یمن کے خلاف فوجی جارحیت ہے۔ یمن کے خلاف یہ جنگ امریکہ اور برطانیہ کی زیر نگرانی انجام پا رہی ہے۔"

عبدالملک حوثی نے مزید کہا: "دشمن نے ہمارے خلاف واضح جرم انجام دیا ہے اور ہماری قوم کو محاصرے اور پابندیوں کا شکار کیا ہے اور کھانے پینے کی اشیاء، دوائیاں اور بنیادی ضرورت کی اشیاء بھی آنے کی اجازت نہیں دے رہے۔ آل سعود رژیم نے متحدہ عرب امارات اور دیگر اتحادیوں سے مل کر فلسطین، بحرین، شام اور عراق میں سازشیں شروع کر رکھی ہیں اور یوں امت مسلمہ کی دشمن طاقتوں کی خدمت میں مصروف ہے۔"
خبر کا کوڈ : 944294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش