0
Wednesday 22 Sep 2021 00:04

ٹانک، بیٹنی و کنڈی قبائل کے مابین امن معاہدہ طے پا گیا

ٹانک، بیٹنی و کنڈی قبائل کے مابین امن معاہدہ طے پا گیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکٹر کمانڈر اور پولیس و ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے بیٹنی اور کنڈی اقوام کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکٹر کمانڈر ساوتھ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی انتھک کوششیں رنگ لے آئیں اور بیٹنی اور کنڈی اماخیل اقوام کے درمیان غیر مشروط تاریخی امن معاہدہ طے پا گیا ہے۔ 19 جولاٸی کو اماخیل کے علاقہ میں ایک چوری ہوئی تھی، جس میں مبینہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے اماخیل کنڈی افراد پر مشتمل مسلح پارٹی نے ان کا تعاقب کیا، کڑی شاہ نور کے مقام پر ملزمان اور ان کے درمیان فاٸرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، جس میں اماخیل سے تعلق رکھنے والے کنڈی قبیلے کے دو افراد جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔ جس کے بعد اماخیل کنڈی قوم اور بیٹنی قوم کے درمیان خونی دشمنی نے جنم لے لیا تھا۔

جس سے علاقے کے امن کو شدید خطرہ تھا اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ تھا۔ جس پہ سیکٹر کمانڈر ساؤتھ نے اپنی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ٹانک کبیر آفریدی، ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ اور کمانڈنگ آفیسر 25 سندھ رجمنٹ کی نگرانی میں دونوں قبیلوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمہ کے لئے اپنا اہم کردار ادا کیا۔ دونوں قبیلے کے مشران نے قومی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے 21 ستمبر کے روز امن کی خاطر امن معاہدہ پر دستخط کرکے علاقہ میں پھیلی ہوئی کشیدگی کا خاتمہ کر دیا ہے۔ اسی حوالے سے سیکٹر ہیڈ کوارٹر ساؤتھ میں امن معاہدہ کے نام سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سیکٹر کمانڈر ساؤتھ، ڈی سی ٹانک کبیر آفریدی، کمانڈنگ آفیسر 25 سندھ رجمنٹ، ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ اور مقامی صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ساؤتھ کا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، جس نے دو قوموں کے درمیان خون ریز تصادم کو جنم دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی ساؤتھ، افواج پاکستان پولیس اور مقامی ضلعی انتظامیہ کا کام علاقہ میں امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔ جس کے لئے فوج اور ایف ساؤتھ مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، کیونکہ علاقہ کی خوشحالی اور ترقی کا انحصار پائیدار امن کی صورتحال پر ہوتا پے۔ امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ علاقائی مشران پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ امن کے دشمنوں کا قلع قمع کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو ایک ذمہ دار شہری کے طور پر سرانجام دیں، تاکہ ہمارا معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکے۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ساؤتھ نے علاقائی امن کے لئے دونوں اقوام کے مشران کے کردار کو سراہا، تقریب سے ڈی سی ٹانک اور ضلعی پولیس سربراہ نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 955066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش