0
Wednesday 31 Aug 2011 14:44

ایران، انڈونیشیا اور بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

ایران، انڈونیشیا اور بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے علاوہ ایران، انڈونیشیا، بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک میں مسلمان آج عیدالفطر کی خوشیاں منانے میں مصروف ہیں۔ پاکستان میں جہاں عید کو بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے، وہیں دنیا کے کئی ممالک میں بھی مسلمان روایتی انداز میں عید منانے میں مصروف ہیں۔ بھارت، ایران، انڈونیشیا میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماع ہوئے۔ ایران کے دارالحکومت تہران میں عید کے بڑے اجتماع میں ہزاروں افراد نے مقام معظم رہبری آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی امامت میں نماز عیدالفطر ادا کی۔ انہوں نے نماز کے پہلے خطبے میں عوام کو عید مبارک پیش کی اور ماہ رمضان کی برکات اور شبھای قدر کی فضیلت پر روشنی ڈالی، نماز کے دوسرے خطبے میں جمعتہ الوداع کی القدس ریلی میں لوگوں کی بھرپور شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ملک و عوام کی سلامتی کے لئے دعا کی۔ اسی طرح ایران کے دیگر شہروں میں بھی مذہبی جوش و جذبے سے عید منائی گئی۔  بھارت کے شہر آگرہ میں تاج محل کے سامنے ہزاروں مسلمانوں نے عید کی نماز ادا کی۔ دہلی کی جامع مسجد میں بھی لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی۔ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں عید کی نماز گرینڈ استقلال مسجد میں ادا کی گئی۔ جہاں دو لاکھ کے قریب فرزندان اسلام خدا کے آگے سر بسجود ہوئے۔ روایتی لباس میں ملبوس انڈونیشن صدر سسیلو بمبانگ نے بھی عیدالفطر کی نماز اسی مسجد میں ادا کی۔ گرینڈ استقلال مسجد میں عید کی نماز ادا کرنے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔
دوسری جانب دیگر یورپی ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ برطانیہ میں مجموعی طور پر تین سو مقامات پر عید کے اجتماعات ہوئے۔ سب سے بڑا اجتماع مرکزی جامع مسجد ریجنٹ پارک میں ہوا، جس میں اسلامی ممالک کے سفراء نے بھی نماز عید ادا کی۔ لندن میں نماز عید کا دوسرا بڑا اجتماع کنگز بری پارک میں منعقد کیا گیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ علماء نے نماز عید کے اجتماعات میں مسلم امہ میں اتفاق، اتحاد اور استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ عید کے موقع پر ون عید کے زیر اہتمام پارک ہی میں فن فیئر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں بچوں کے علاوہ خاندان بھر کے ہر فرد کیلئے مختلف اسٹالز لگائے گئے ہیں۔یہ فن فیئر دو دن جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 95718
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش