0
Friday 2 Sep 2011 12:48

پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے جدہ میں پھنسے معتمرین کی لاہور اور اسلام آباد واپسی

پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے جدہ میں پھنسے معتمرین کی لاہور اور اسلام آباد واپسی
لاہور/اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ پی آئی اے کی پرواز عمرہ کی ادائیگی کی بعد پانچ روز تک جدہ میں پھنس جانے والے ایک سو بتیس پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔ عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کو ستائیس اگست کو سعودی ایئر لائن کے ذریعے پاکستان واپس پہنچنا تھا، تاہم گزشتہ دنوں جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر مصر اور الجزائر کے معتمرین کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے جدہ سے مختلف ممالک جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور پاکستانی عمرہ زائرین کی پرواز بھی غیرمعمولی تاخیر کا شکار ہوئی۔ یہ پاکستانی پانچ روز تک جدہ میں پھنسے رہے جس کے بعد پاکستانی حکام نے عمرہ زائرین کو واپس لانے کے لئے خصوصی پروازیں جدہ بھیجیں۔ پی آئی اے کی پرواز سے اسلام آباد پہنچنے والے عمرہ زائرین کا کہنا تھا کہ جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے حکام نے تعاون نہیں کیا۔ پروازوں کی روانگی کے بارے میں معلومات نہیں دی گئیں اور وہ چھوٹے بچوں اور خواتین کے ساتھ ایئرپورٹ پر خوار ہوتے رہے۔ رات گئے یہ 132 مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 742 کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔ مسافروں کے مطابق جدہ میں انہیں ائیرلائن نے رہائش فراہم کی تھی لیکن پاکستان روانگی سے پہلے 16 گھنٹے تک انہیں جدہ ایئرپورٹ پر انتظار کرنا پڑا۔ پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ بدانتظامی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اس سال عید بھی اپنے گھر والوں کے ساتھ نہیں منا سکے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں اور ان کے رشتے داروں نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
مزید تفصیلات کے مطابق جدہ میں پروازوں کی روانگی میں تاخیر کے سبب وہاں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لے کر پی آئی اے کی 2 پروازیں اسلام آباد اور لاہور پہنچ گئیں، جبکہ ایک پرواز 10 بجے کراچی ایئر پورٹ پہنچ گئی۔ جدہ سے پروازوں کی روانگی میں تاخیر کے سبب وہاں پھنسے ہوئے 132 پاکستانی مسافروں کو لے کر پی آئی اے کی پرواز 742 رات گئے اسلام آباد پہنچ گئی۔ جدہ سے عمرہ زائرین کو لے کر پی آئی اے کی دوسری خصوصی پرواز 7322 لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی، اسلام آباد اور لاہور پہنچنے والے دونوں پروازوں میں مجموعی طور پر 394 مسافر وطن واپس پہنچ گئے، جدہ سے پی آئی اے کی تیسری پرواز پی کے 7422 نو گھٹنے کی تاخیر کے بعد 10 بجے کراچی ایئرپورٹ پہنچ گی۔ ادھر لاہور پہنچنے والے 260 معتمرین کا کہنا ہے کہ عید الفطر جیسا تہوار بھی انہوں نے ائیرپورٹ پر گزارا۔ عمرہ کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس جانے والے سینکڑوں پاکستانی معتمرین پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے جدہ ائرپورٹ پر پھنس گئے جہاں وہ بے یارومددگار  پڑے رہے اور عیدالفطر بھی ائیرپورٹ پر گزار دی۔ لاہور پہنچنے والے مسافروں کا کہنا تھا کہ انہیں عید بے سرو سامانی کے عالم میں سعودی عرب میں گزارنی پڑی، لیکن پی آئی اے انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوئی اور کسی نے بھی ان کا حال نہیں پوچھا، ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی وجہ سے ان کی واپسی ممکن ہوئی ورنہ نجانے انہیں مزید کتنا خوار ہونا پڑتا، جدہ ائیرپورٹ پر گذشتہ کئی دنوں سے پھنسے عمرہ معتمرین کو مزید دو خصوصی پروازوں کے ذریعے آج لاہور پہنچایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 95974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش