0
Friday 24 Dec 2021 17:43

قائداعظم کردار اور دیانت کا نام ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین

قائداعظم کردار اور دیانت کا نام ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 146ویں یومِ ولادت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کردار اور دیانت کا نام ہے۔ بانی پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ایک ایسے موقع پر برصغیر پاک و ہند کے مفلوک الحال مسلمانوں کی قیادت کی توفیق بخشی جب برصغیر کے کروڑوں مسلمان اپنی منزل سے لاعلم تھے اور ہر سو مایوسی کے اندھیرے چھائے ہوئے تھے۔ اللہ رب العزت جب کسی قوم پر اپنے کرم اور فضل کا ارادہ فرماتا ہے تو اس قوم میں محمد علی جناح ؒ جیسی بیدار مغز اور صاحب کردار ہستیاں پیدا فرما دیتا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بانی پاکستان نے جن مقاصد کے حصول کیلئے آزاد وطن حاصل کیا تھا ہم آج بھی ان اہداف سے کوسوں دور ہیں۔ پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے آئین و قانون کی بالادستی، تعلیم کے فروغ اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔ یوم ولادت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے اگر کسی شخصیت نے بامقصد اور عملی جدوجہد کی ہے تو وہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو شعور دیا کہ دھن، دھونس اور دھاندلی پر مبنی نظام انتخاب جمہوریت کا کینسر ہے مگر افسوس ریاستی ذمہ داران نے اس کینسر کے علاج کے لئے کوئی کوشش نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا اور ووٹ کی طاقت سے ہی ناقابل تسخیر بنے گا مگر موجودہ جمہوری نظام میں ووٹ ایک خرید و فروخت کی آئٹم بن کر رہ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کا احیاء ڈاکٹر طاہرالقادری کے ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد کرنے سے ہوگا۔ بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ ایک کردار کا نام ہے۔ ان کے قول و فعل کی صداقت اور مطابقت نے انہیں دنیا کا عظیم سیاسی رہنما بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی اور کرپشن نے قائداعظم کے نظریات کو قائداعظم کے پاکستان میں پنپنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں سے ہماری بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ یہی نوجوان قائداعظم کے سچے سپاہی اور پاکستان کے خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ بانی پاکستان کے 146ویں یوم ولادت کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

اس موقع پر جی ایم ملک، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، محمدفاروق رانا، مظہر محمود علوی، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، حاجی اسحاق، الطاف رندھاوا، ثاقب بھٹی،حاجی منظور حسین، غلام مرتضیٰ علوی، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، عبدالستار منہاجین، سعید رضا بغدادی، عابد بشیر قادری، حفیظ اللہ جاوید، انیلا الیاس اور بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 970074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش