0
Friday 16 Sep 2011 14:39

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے کرنے والے جرنیلوں نے قومی غیرت کا سودا کیا ہے، محمد حسین محنتی

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے کرنے والے جرنیلوں نے قومی غیرت کا سودا کیا ہے، محمد حسین محنتی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن کی اپیل پر ملک گیر عافیہ رہائی ڈے کے حوالے سے کراچی میں عظیم الشان عوامی ریلی آج سید منور حسن کی قیادت میں نکالی جائے گی۔ اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے کرنے والے جرنیلوں نے قومی غیرت و حمیت کا سودا کیا ہے اور امریکا نے عافیہ صدیقی کو 86 سال کی سزا سنا کر اسلام اور مسلم دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ قوم ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے کرکے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، کوئی بھی خوددار قوم یہ برداشت نہیں کرسکتی کہ اس کی بہن دشمن کی قید میں ہو اور وہ خاموش تماشائی بنی رہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرف نے ڈالروں کے عوض عافیہ صدیقی اور ان کے معصوم بچوں کو امریکا کے حوالے کیا اور امریکا نے ان پر بے بنیاد الزامات عائد کر کے 86 سال کی سزا سنا دی، حالانکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر عائد کئے جانے والے الزامات میں سے کسی ایک الزام کو عدالت میں ثابت نہیں کیا جا سکا، الزام ثابت کئے بغیر سزا سنا کر امریکا نے انصاف کا خون کیا ہے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ امریکی جاسوس کی گرفتاری کے وقت حکومت کے پاس سنہرا موقع تھا کہ وہ امریکا سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی بات کرتی، مگر حکومت نے یہ موقع بھی گنوا دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔
خبر کا کوڈ : 99112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش