0
Friday 16 Sep 2011 16:35

القاعدہ کے آپریشن چیف ابو حفص الشہری کے مارے جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی، اطہر عباس

القاعدہ کے آپریشن چیف ابو حفص الشہری کے مارے جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی، اطہر عباس
کراچی:اسلام ٹائمز۔ پاکستان سے القاعدہ کے اہم رہنما اور آپریشن چیف سعودی نژاد ابو حفص الشہری کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس کا کہنا ہے انہیں اس کی ہلاکت کا علم نہیں۔ افغان سرحد کے ساتھ قبائلی علاقے میں انٹیلی جنس ذرائع نے بھی ابو حفص الشہری کی ہلاکت کے بارے لاعلمی کا اظہار کیا ہے، تاہم امریکا نے اس کی تفصیلی بتانے سے انکار کر دیا ہے۔ ایک اعلٰی امریکی اہلکار کے مطابق اتوار کی شام کو شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے میں القاعدہ لیڈر کو ہلاک کیا گیا، خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تحصیل میر علی میں شہر سے تین کلومیٹر دور جنوب کی جانب عیٰسی خیل میں ایک گاڑی کو امریکی جاسوس طیارے سے داغے گئے میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک غیر مْلکی سمیت دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔ 
ہلاک ہونے والوں میں ایک غیرملکی عرب اور ایک مقامی شخص شامل ہیں جن کا تعلق افغان کمانڈر جلال الدین حقانی گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ یہ گاڑی اتوار کی شام میر علی بازار کی جانب سے عیسٰی خیل کی طرف جا رہی تھی کہ راستے میں امریکی جاسوس طیارے نے نشانہ بنایا، گاڑی کے ساتھ لاشیں بھی مکمل طور پر جل گئی تھیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والا دوسرا شخص حفیظ اللہ (ر) ڈپٹی کمشنر لائق الرحمان کا بھائی اور مرحوم اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ لْطف الرحمان کا بھتیجا بتایا جاتا ہے۔ حفیظ اللہ میر علی میں حقانی گروپ کا ایک کمانڈر تھا اور ان کا تعلق زیادہ تر غیرملکیوں سے رہتا تھا۔ بعد میں مقامی طالبان دو تین گاڑیوں میں آئے اور انہوں نے سفید کپڑے میں لپیٹ کر لاشوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ تین ہفتے قبل امریکی حکام نے القاعدہ کے "چیف آف آپریشنز" بتائے جانے والے شخص عطیہ عبدالرحمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
دیگر ذرائع کے مطابق مسلح افواج کے ترجمان اطہر عباس نے کہا ہے کہ القاعدہ کے آپریشن چیف ابو حفص الشہری کے امریکی حملے میں مارے جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر میجر جنرل اطہر عباس کا کہنا تھا آئی ایس پی آر کو القاعدہ کے آپریشن چیف ابو حفص الشہری کے امریکی حملے میں مارے جانے کی کوئی معلومات نہیں۔ اس سے پہلے امریکی انٹیلی جنس حکام نے کہا تھا چند روز پہلے امریکی ڈرون حملے میں پاکستان میں القاعدہ کے سینٹرل کمانڈ کے سربراہ سعودی شہری ابو حفص الشہری کو ہلاک کیا گیا۔

خبر کا کوڈ : 99158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش