1
Wednesday 20 Mar 2024 14:48

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ پاکستان کے آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، سکیورٹی تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ شہزادہ  محمد بن سلمان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مستقبل میں بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ آرمی چیف نے پاکستان کے لیے گرمجوشی کے جذبات اور حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

2۔ امریکن اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات سے پہلے ہی پرتشدد واقعات سامنے آئے، پولیس، سیاستدانوں اور سیاسی اجتماعات پر دہشت گرد حملے کیے گئے، رپورٹرز خاص طور پر خواتین کو سیاسی پارٹیوں کے حامیوں نے ہراساں کیا۔ امریکی عہدیدار نے کہا کہ کئی سیاسی رہنما اپنے مخصوص امیدوار اور پارٹیاں رجسٹرڈ نہ کراسکے، الیکشن نگرانی کی تنظیم نے بتایا کہ انہیں پولنگ اسٹیشنز تک رسائی سے روکا گیا، ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن کے دن انٹرنیٹ سروس بند کی گئی۔ واضح رہے کہ امریکی ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی نے مشرق وسطیٰ، افریقہ اور وسطی ایشیا سے متعلق اپنی ذیلی کمیٹی کو پاکستان میں جمہوریت کے مستقبل سے متعلق آج ہونے والی سماعت کی ذمہ داری سونپی ہے۔

3۔ غزہ میں امداد تقسیم کرنے والی ٹیم پر اسرائیل کی بمباری، 23 فلسطینی شہید ہوگئے، قبل ازیں اسرائیلی فوج کی جانب سے کیمپ میں 3 منزلہ رہائشی عمارت پر بمباری کی گئی تھی، حملے میں زخمی ہونے والوں کو دیر البلاح کے الاقصیٰ شہداء اسپتال لے جایا گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ غزہ کی آبادی اب 100 فیصد شدید خوراک کے عدم تحفظ کا شکار ہے، تاریخ میں اس طرح کی یہ پہلی مثال ہے۔7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31 ہزار 819 فلسطینی شہید اور 73 ہزار 934 زخمی ہوچکے ہیں۔ حماس کے 7 اکتوبر کے حملے میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139 ہے۔

4۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے رفح میں زمینی آپریشن نہ کرنے کی امریکی صدر کی درخواست مسترد کردی، تقریباً ساڑھے پانچ ماہ سے زائد عرصے سے جاری اس جنگ میں غزہ کی پٹی پر رفح کا چھوٹا سا علاقہ فلسطینیوں کے لیے واحد جائے پناہ ہے، جہاں اس وقت لاکھوں لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔ نیتن یاہو نے منگل کے روز قانون سازوں کو بتایا کہ میں نے امریکی صدر پر بالکل واضح کر دیا ہے کہ ہم رفح میں حماس کی بٹالین کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور زمینی کارروائی کے سوا ایسا کرنے کا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کی پیر کو فون پر بات کی، جس میں جو بائیڈن نے رفح میں زمینی کارروائی کا آپریشن ترک کرنے کی درخواست کی، لیکن نیتن یاہو نے اس درخواست کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

5۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں، انتونیو گوتیریس نے کہا ہے کہ جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی میں تباہی کے تقریباً 80 سال بعد بھی جوہری ہتھیار عالمی امن اور سلامتی کے لیے واضح خطرہ ہیں، جن کے استعمال کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خبردار کیا کہ جوہری ہتھیار اب تک ایجاد کیے گئے سب سے تباہ کن ہتھیار ہیں، جو زمین پر موجود تمام زندگیوں کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج یہ ہتھیار طاقت، رینج اور اسٹیلتھ میں بڑھ رہے ہیں، ایک حادثاتی لانچ، ایک غلطی، ایک غلط تعین، ایک جلدی بازی سے کیا گیا کام بڑی تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

6۔ عراق کے سابق وزیر دفاع کو دھوکہ دہی کے الزام میں سویڈن میں گرفتار کرلیا گیا، غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عراق کے سابق وزیر دفاع نحاح الشمری کو دھوکے سے فوائد حاصل کرنے کے الزام پر مختصر وقت کے لیے گرفتار کیا گیا۔ پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق نحاح الشمری کو اس وقت حراست میں لیا گیا، جب وہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے ایئرپورٹ پر اترے۔ سابق عراقی وزیر دفاع کے بارے میں 2019ء میں رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے عراق میں اہم عہدے پر فائز ہونے کے باوجود سویڈن میں ہاوسنگ اور بچوں کے لیے مخصوص مراعات حاصل کی تھیں اور ان سے اس بارے میں تفتیش بھی کی گئی تھی۔

7۔ یورپی یونین نے کہا ہے کہ غزہ دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل سے کھلے قبرستان میں تبدیل ہوگیا ہے، عرب میڈیا کے مطابق جوزف بوریل نے برسلز میں یورپی یونین کے وزراء کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ سے پہلے غزہ سب سے بڑی کھلی جیل تھی، آج یہ سب سے بڑا کھلا ہوا قبرستان ہے۔ یورپی یونین کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل انسانی بنیادوں پر غزہ کے لوگوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈال کر قحط کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، ان رکاوٹوں کے ذریعے اسرائیل قحط کو مزید بڑھا رہا ہے۔ یورپی یونین میں شامل 27 ممالک اس بات پر متفق نہیں ہوسکے کہ غزہ کی جنگ کا ایک ساتھ جواب کیسے دیا جائے، کیونکہ ان ممالک میں سے کچھ اسرائیل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جبکہ کچھ فلسطین کے حق میں ہیں۔

تصویری رپورٹ: فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے زیراہتمام کراچی میں القدس کانفرنس و دعوت افطار کا اہتمام، سیاسی، مذہبی و سماجی رہنماوں اور اقلیتی برادری کے رہنماوں کی شرکت۔
خبر کا کوڈ : 1123760
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش