1
Friday 22 Mar 2024 22:28

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ سائفر کیس میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کی اسد مجید کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت، پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے سائفر کے معاملے پر ڈونلڈ لو کے بیان کے بعد اسد مجید کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کردی، کور کمیٹی نے طے کیا کہ اسد مجید کو بیان دینے کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے۔ اس کے علاوہ ممبران نے حماد اظہر کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین کی ہدایت پر حماد اظہر کو اپنا استعفیٰ واپس لے کر دوبارہ عہدہ سنبھال کر متحرک ہونا چاہیئے۔ ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے بلے کا نشان ابھی تک بحال نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

2۔ مصر میں امریکی وزیر خارجہ کی عرب وزراء سے ملاقات، غزہ میں جنگ بندی پر تبادلہ خیال، قاہرہ میں ہونے والے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سمیت مصر، سعودی عرب، قطر، اور اردن کے وزرائے خارجہ کے علاوہ امارات کے وزیر برائے بین الاقوامی تعاون اور فلسطین کے سویلین امور کے وزیر موجود تھے۔ مصر کی وزارت خارجہ کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزرائے خارجہ نے غزہ میں مکمل اور فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے اسرائیل اور غزہ کے درمیان تمام گزرگاہوں کو امدادی سامان تک متاثرین کی رسائی کے لیے بحال کرنے کا مطالبہ کیا، امریکی وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے خصوصی ملاقات کی تھی۔

3۔ اسرائیل نے وادی اردن میں بھی یہودیوں کو آباد کرنے کا منصوبہ بنا لیا، ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیل نے دریائے اردن کے نزدیکی علاقے وادی اردن کے 2 ہزار ایکڑ رقبے پر دعویٰ کرتے ہوئے ان زمینوں پر یہودی آبادکاروں کو بسانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس رقبے پر کاروباری اور صنعتی اضلاع کے قریب سینکڑوں ہاوسنگ سوسائٹی یونٹس بنائے جائیں گے، جس کی نگرانی صیہونی ریاست کے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کریں گے، جو انتہائی دائیں بازو کی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس علاقے میں سینکڑوں ہاوسنگ یونٹس تیار کرنے کا منصوبہ ہے، جو یافیت کی اسرائیلی بستی کے ساتھ ساتھ ایک کاروباری اور صنعتی ضلع کے قریب واقع ہے۔

4۔ آذربائیجان نے کابل میں اپنا سفارتخانہ کھول دیا، افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذیبح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ آذربائیجان نے کابل میں اپنا سفارت خانہ کھول دیا ہے اور آنے والے دنوں میں سفارت کار بھی بھیج دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان نے سفارت خانہ بحال کر دیا ہے اور امارت اسلامی افغانستان بھی آذربائیجان میں اپنا سفارت خانہ فعال کرے گا اور یہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی میدان میں ایک نیا قدم ہے، جس سے سب کو فائدہ ہوگا۔ آذربائیجان کے افغانستان میں تعینات سفیر الہام محمدوف نے طالبان کے نائب وزیراعظم اور قائم مقام وزیر داخلہ سے ایک ملاقات میں سیاسی اور معاشی تعلقات وسیع کرنے پر زور دیا۔

5۔ انڈونیشیا کے ساحل پر کشتی ڈوب گئی، 70 سے زائد روہنگیا شہریوں کی ہلاکت کا خدشہ، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ انڈونیشیا کے صوبہ آچے کے ساحل پر کشتی الٹنے کے بعد 70 سے زائد روہنگیا شہری ہلاک یا لاپتہ ہوگئے ہیں۔ یہ الرٹ بدھ کو اس وقت جاری کیا گیا، جب انڈونیشین ماہی گیروں نے 6 تارکین وطن کو ریسکیو کیا، صوبہ آچے میں ماہی گیری کی ایک کمیونٹی نے بتایا کہ ریسکیو افراد تیز لہروں کی وجہ سے ڈوبنے والی کشتی کے عرشے پر کھڑے تھے۔ کئی برسوں سے روہنگیا شہری بدھ مت کی اکثریت والے ملک میانمار کو چھوڑ رہے ہیں، جہاں انہیں جنوبی ایشیاء سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی سمجھا جاتا ہے۔

6۔ امریکا نے رفح میں اسرائیلی آپریشن کو غیر ضروری اور غلطی قرار دے دیا، رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن غزہ میں جنگ بندی کے لیے مشرق وسطیٰ کے اپنے چھٹے دورے پر ہیں، انہوں نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اعلیٰ عرب سفارت کاروں کے ساتھ جنگ بندی کی کوششوں اور غزہ تنازع کے بعد مستقبل کے بارے میں بات چیت کی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ حماس کے زیر حراست اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے ساتھ جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے قاہرہ میں مصری وزیر خارجہ سامح شکری کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ رفح میں ایک بڑا فوجی آپریشن ایک غلطی ہوگی، جس کی ہم حمایت نہیں کرتے۔

7۔ بھارتی دارالحکومت دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی گرفتاری عدالت میں چیلنج کردی، دارالحکومت دہلی کے وزیراعلیٰ اور انتخابات میں نریندر مودی کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے بنائے گئے اپوزیشن اتحاد کے ایک اہم رہنماء اروند کیجریوال کو بدعنوانی کی طویل عرصے سے جاری تحقیقات کے سلسلے میں گذشتہ روز حراست میں لے لیا گیا تھا۔ وہ ان کئی رہنماں میں شامل ہیں، جنہیں مجرمانہ تحقیقات کا سامنا ہے، جبکہ ان کے ساتھی کیجریوال کی گرفتاری کو حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاسی سازش قرار دیتے ہیں۔ کیجریوال کی جماعت عام آدمی پارٹی کے سینکڑوں حامیوں نے ان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔

تصویری رپورٹ: جس کا عنوان ہے شہید ڈاکٹر حیدر عباس کی کراچی میں سالانہ برسی، ڈاکٹر شبیر حسن میثمی سمیت دیگر رہنمائوں کی شرکت
خبر کا کوڈ : 1124245
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش