0
Sunday 24 Mar 2024 21:29

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ سعودی وزیر دفاع کی صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف سے الگ الگ ملاقاتیں، سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال، سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقاتیں کیں، ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ ملاقاتوں میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ہے۔

2۔ روسی دارالحکومت ماسکو میں کنسرٹ ہال پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 143 ہوگئی، حملہ آور گرفتار، ماسکو میں فوجی وردی میں ملبوس 5 دہشت گردوں نے کروکس سٹی ہال میں فائرنگ کی اور دستی بموں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 143 افراد ہلاک اور درجنوں شہری زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ کنسرٹ پر حملہ کرنے والے چاروں افراد کو جب پکڑا گیا تو وہ یوکرین کی جانب فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ روسی صدر نے کہا کہ حملہ آوروں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور یوکرین کی طرف سفر کر رہے تھے، جہاں ابتدائی معلومات کے مطابق انہیں سرحد پار کرانے کے لیے یوکرین کی جانب کچھ لوگ موجود تھے، جنہوں نے راستہ تیار کیا تھا۔

3۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ کے معاملے پر بے بسی کا اظہار کردیا، سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ہمارے پاس غزہ میں جنگ روکنے کا اختیار نہیں، انتونیو گوتریس نے مصر میں رفح کراسنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی امداد کی ضرورت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رفح میں ہونے والا زمینی آپریشن انسانی تباہی کی بڑی وجہ بنے گا، اب وقت آگیا ہے کہ فوری جنگ بندی ہو، یرغمالیوں کی رہائی ہو اور فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ ہم مزید لوگوں کو مرتا ہوا اور تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے، لہذا جن کے پاس اختیار ہے ان سے ہماری اپیل ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔

4۔ مغربی کنارے میں القسام بریگیڈ کے حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے، عرب میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں اس وقت کی گئی، جب اسرائیلی فوج کے اہلکار چھاپہ مار کارروائی کے بہانے فلسطینی پناہ گزین کیمپ کی جانب بڑھ رہے تھے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے القسام بریگیڈ سے دوبدو جھڑپ میں اپنے ایک اہلکار کی ہلاکت اور 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ القسام بریگیڈ نے ہلاکتوں کی تعداد غلط بتائی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت 21 سالہ ایلی ڈیوڈ گرفینکل کے نام سے ظاہر کی ہے، جو مغربی کنارے کے مقامی رجمنٹ میں تعینات تھا، تاہم زخمیوں کی صحت سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

5۔ اسرائیلی وزیراعظم بوکھلاہٹ کا شکار، نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکا نے تعاون نہ کیا تو اکیلے ہی رفح میں زمینی کارروائی کریں گے، امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے نیتن یاہو سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر نیتن یاہو کو رفح میں زمینی کارروائی کے منصوبے سے باز رہنے کا مشورہ دیا۔ بلنکن نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہر رفح پر زمینی کارروائی کے منصوبے پر عمل کیا تو وہ عالمی سطح پر مزید تنہائی کا شکار ہوسکتا ہے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اگر واشنگٹن رفح میں زمینی کارروائی کی مخالفت کرتا رہا تو اسرائیل اکیلا ہی یہ کارروائی کرے گا۔

6۔ یمن نے کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ ہی صیہونی حکومت کو غزہ پر جارحیت کی ترغیب دلا رہے ہیں، تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے یمن کے خلاف جارحیت جاری رہنے کے باوجود فلسطینیوں کی حمایت میں یمن کی مسلح افواج کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ صرف صیہونی حکومت کی حمایت میں یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رہے ہیں اور وہ غاصب صیہونی حکومت کو غزہ کے خلاف جرائم کے ارتکاب کی ترغیب دلا رہے ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے یمن کے خلاف جارحیت جاری رہنے کے باوجود فلسطینیوں کی حمایت میں یمن کی مسلح افوج کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

7۔ برازیل میں طوفان کے باعث 12 افراد ہلاک، ملبے تلے دبی لڑکی کو 16 گھنٹے بعد بچا لیا گیا، جنوب مشرقی برازیل میں سرچ ٹیموں نے جمعہ کے روز آنے والے طاقتور طوفان سے منہدم مکان کے ملبے میں 16 گھنٹے سے زائد وقت تک دبی بچی کو بچا لیا، طوفان کے نتیجے میں اب تک کم از کم ایک درجن افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق حکام نے ریاست ریوڈی جنیرو کے پہاڑی علاقوں میں ٹیمیں تعینات کردی ہیں اور طوفان کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کو نازک قرار دیا ہے۔ ریاست ریوڈی جنیرو میں ہونے والی اموات میں سے 4 اس وقت ہوئیں جب طوفان کی وجہ سے دارالحکومت سے 70 کلومیٹر اندرون کے پیٹرو پولیس شہر میں ایک مکان گر گیا۔

تصویری رپورٹ: جس کا عنوان ہے ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کے زیراہتمام پشاور میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے تحریکِ آزای فلسطین میں امتِ مسلمہ کا کردار کے عنوان سے کانفرنس۔
خبر کا کوڈ : 1124610
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش