0
Tuesday 9 Apr 2024 12:21

بھارت کا جابرانہ قبضہ دھوکہ دہی اور سازشوں سے عبارت ہے، حریت کانفرنس

بھارت کا جابرانہ قبضہ دھوکہ دہی اور سازشوں سے عبارت ہے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا جابرانہ قبضہ دھوکہ دہی اور سازشوں سے عبارت ہے اور وہ بھارتی لوک سبھا انتخابات سے قبل کشمیریوں کی تحریک حق خودارادیت کو بدنام کرنے کے لیے ایک نیا ڈرامہ رچانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کو بی جے پی اور بھارتی ایجنسیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہوشیار رہنا چاہیے کیونکہ بھارت نے سکیورٹی کے نام پر مقبوضہ علاقے میں اضافی فورسز تعینات کر کے اپنی ظالمانہ کارروائیاں تیز کر دیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مسلط کردہ انتظامیہ جموں و کشمیر کے بارے میں اپنے جھوٹے بیانیے کو فروغ دینے کے لیے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اسکول کے نصاب میں دفعہ370 اور 35A کی منسوخی کی شمولیت اس کے ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد کشمیریوں کے استصواب رائے کے جائز مطالبے کو نقصان پہنچانا ہے جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر کو ایک قلعہ اور چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے، گھر گھر چھاپوں اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور ریاستی دہشت گردی کے دیگر اقدامات نے کشمیریوں کی زندگیوں کو جہنم بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرنے کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام جیسے کالے قوانین کا استعمال کر رہی ہے۔

ترجمان نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ بھارت کی نوآبادیاتی پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعدد کشمیر دشمن قوانین کے نفاذ سے کشمیریوں میں احساس عدم تحفظ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے ان قوانین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر امن اور آزادی پسند ممالک پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی نوآبادیاتی مہم کا سخت نوٹس لیں جس کا مقصد مقامی آبادی کی جگہ بھارتی شہریوں کو آباد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جھوٹی خبریں اور بیانیہ بنانے کی ایک تاریخ ہے خاص طور پر جب مسئلہ کشمیر کی بات آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لداخ سمیت پورا جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے اور بھارت یکطرفہ طور پر اس کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اخلاقی طور پر پابند ہے کہ وہ اپنی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔
خبر کا کوڈ : 1127685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش