0
Tuesday 16 Apr 2024 09:52

عالمی اداروں سے کشمیری حریت پسندوں کی رہائی کے لئے بھارت پر دبائو ڈالنے کا مطالبہ

عالمی اداروں سے کشمیری حریت پسندوں کی رہائی کے لئے بھارت پر دبائو ڈالنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت قیادت نے مختلف جیلوں میں کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سزا مکمل کرنے اور عدالتی احکامات کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت قیادت نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کئی قیدی پچیس پچیس سال سے نظربند ہیں جو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مختلف امراض کا شکار ہو چکے ہیں، ان میں محمد قاسم فکتو ،محمد شفیع شریعتی، نذیر احمد اور محمد ایوب شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ مودی حکومت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچلنے کے لئے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اور جیلوں میں نظربند کشمیری حریت پسندوں سے غیر انسانی سلوک کر رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی کے لئے کشمیریوں کے عزم کو کمزور کرنے کے لیے حریت پسندوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر اور ہزاروں میل دور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کے اہلخانہ اپنے عزیزوں سے ملاقات کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نظربندوں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ناروا سلوک عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کشمیری حریت پسندوں کی نظربندی کو طول دینے کیلئے انہیں مقررہ تاریخوں پر عدالتوں میں پیش نہیں کیا جاتا اور انہیں پیشہ ور مجرموں اور انتہائی خطرناک قیدیوں کے ساتھ رکھا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگیاں مسلسل خطرے سے دوچار ہیں۔ بیان میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ فوری مداخلت کر کے کشمیری حریت پسندوں کی رہائی کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔
خبر کا کوڈ : 1128967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش