0
Tuesday 16 Apr 2024 11:28

اگست 2019ء کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تمام بنیادی آزادیاں معطل ہیں، محمود ساغر

اگست 2019ء کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تمام بنیادی آزادیاں معطل ہیں، محمود ساغر
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے سید یوسف رضا گیلانی کو پاکستان کے سینیٹ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے نومنتخب چیئرمین سینیٹ کے نام لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ اس اہم ذمہ داری پر آپ کی تقرری آپ کی اعلی سیاسی ساکھ کے ساتھ ساتھ آپ کی جماعت کی سیاسی مفاہمت کی پالیسی کے لیے وسیع حمایت کا مظہر ہے جس میں پاکستان کو درپیش سماجی اور معاشی چیلنجوں سے موثر طریقے سے نمٹنے پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ کی متحرک قیادت میں پاکستان ترقی کرتا رہے گا اور کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

محمود ساغر نے جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیر قانونی انضمام کے تناظر میں پاکستان کا کردار اور ذمہ داریاں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔ بی جے پی حکومت کی جانب سے 2019ء میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام بنیادی آزادیاں معطل ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ تنازعے کا ایک اہم فریق ہونے کے ناطے پاکستان اس دیرینہ تنازعہ کے جلد اور خوش اسلوبی سے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا جس کے لئے کشمیریوں کی تین نسلوں نے قربانیاں دی ہیں اور اب چوتھی نسل کی بقا کو خطرہ لاحق ہے۔ حریت رہنما نے امید ظاہر کی کہ یوسف رضا گیلانی کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں گے۔

دریں اثناء محمود احمد ساغر نے امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہونے پر حافظ نعیم الرحمان کو اپنی اور پوری کشمیری قوم کی طرف سے مبارکباد دی ہے۔ محمود ساغر نے اپنے مبارکبادی کے پیغام میں کہا کہ اس اہم عہدے پر آپ کی تقرری آپ کی قابلیت، دیانت داری اور سب سے بڑھ کر اس اعتماد اور بھروسے کا اظہار ہے جو آپ کی جماعت اور مجلس شوری نے آپ پر کیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نومنتخب امیر جماعت حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی مدد اور حمایت کے لیے جماعت کے قابل فخر ورثے کو انتہائی خلوص اور تندہی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1128991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش